مزید خبریں

عقیدہ ختم نبوت ہمارے ایمان کا حصہ ہے ، جاوید قصوری

لاہور (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہ ہے کہ عقیدہ ختم نبوت اور ناموس رسالت کا تحفظ ہمارے ایمان کا اہم ترین حصہ ہے،ان عقائد کے حوالے سے آئین کے آرٹیکل اور قانون کی ہرشق کا ہر قیمت پر تحفظ کیا جائے گا۔ہر طرح کے غیر ملکی دباؤ اور اندرونی سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرینگے۔حکومت نے اپنی ذمے داریوں کو پورا نہیں کیا۔ آئین اور قانون موجود ہے لیکن حکومت کی چشم پوشی کی وجہ سے آج بھی قادیانی اہم حکومتی عہدوں پر موجود ہیں جس کی وجہ سے آئے روز نئی سازشیں نئے انداز میں ظاہر ہوتی ہیں، حکومت ان کی سازشو ں پرفوری طور پر فیصلہ کن اقدامات اٹھائے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ختم نبوت کے حوالے سے مختلف پروگرامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ قادیانیت، اسلام کے خلاف سازش اور اعلانیہ بغاوت ہے۔ صلحائے اْمت اور علما مشائخ نے متحد ہو کر ان باطل عقائد کی بیخ کنی کے لیے ہر محاذ پر ان کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے۔7ستمبر 1974ء کا دن ہماری قومی اور ملی تاریخ میں خاص اہمیت کا حامل ہے۔ اس دن مسلمانوں کے دیرینہ مطالبے پر اس وقت کی قومی اسمبلی نے قادیانیوں کو جمہوری اور پارلیمانی بنیاد پر غیر مسلم اقلیت قرار دینے کا تاریخ ساز فیصلہ کیا۔ختم ِنبوت دین کا بنیادی عقیدہ ہے۔قادیانی آج بھی اسلام کے قلعہ میں نقب لگانے کی کوشش کر رہے ہیں، ان کے تمام نا پاک عزائم کو خاک میں ملا دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تمام حکومتیں قادیانیوں کی سازشوں کوروکنے میں ناکام رہی ہیں۔سابقہ اور موجودہ حکومت کے وعدوں اعلانات اور نعروں کے باوجود تاحال قادیانیوں کی طرف سے ملک کی نظریاتی اساس کو نقصان پہنچانے کی کوششیں جاری ہیں۔ قادیانیوں نے کبھی بھی ختم نبوت کی شق کو نہیں مانا۔آج بھی بیرونی دنیا سے اس شق کے خاتمہ کیلیے دباؤ ہے۔ ختم نبوت کا تحفظ ہمارے ایمان کاحصہ ہے۔ آج بھی طاغوت ختم نبوت کے قانون کے خاتمہ کیلیے کوشاں ہے مگر ایسا ہرگز نہیں ہونے دیں گے۔قادیانیت صرف ایک فرقہ نہیں،بلکہ نبوت محمدیﷺ کے خلاف ایک بغاوت اور اسلام کے متوازی ایک علیحدہ دین ہے، جس کا اسلام اور مسلمانوں کے ساتھ کوئی تعلق نہیں اور نہ ہی انہیں اسلام کا نام استعمال کرنے کا حق ہے۔محمد جاوید قصوری نے مزید کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ قادیانیوں کی اسلام کے خلاف کی جانے والی تمام سازشوں پر گہری نظر رکھی جائے اور باہمی اتفاق سے پالیسیاں مرتب کی جا ئیں۔قادیانی مسلمانوں کے لباس میں ملبوس ہو کر بد ترین دشمنوں کا کر دار ادا کر رہے ہیں۔