مزید خبریں

ـ1965 ء کے شہداء ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں،جاوید قصوری

لاہور(وقائع نگار خصوصی ) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ یوم دفاع پاکستان قومی تاریخ کا درخشاں باب ہے،اس دن پاکستان کی افواج نے ازلی دشمن بھارت کو عبرتناک شکست دے کر شجاعت و بہادری کی نئی تاریخ رقم کی،جسے رہتی دنیا تک یاد رکھا جائے گا۔آج مادرِ وطن کی خاطر اپنی جانیں قربان کرنے والے شہدا اور ان کے خاندانوں کو خراج تحسین پیش کرنے کا دن ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ 58سال قبل آج ہی کے دن ہماری مسلح افواج اورپوری پاکستانی قوم نے غیر معمولی جرأت اور بے مثال جذبے کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنادیا تھا۔ آج اس بات کا عہد کرنا ہو گا کہ شجاعت، ایثار اور بہادری کی لازوال داستان رقم کرنے والوں کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کریں گے۔ شہدا ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں جن پوری پاکستانی قوم کو ناز ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج ہی کے دن 1965ء میں پاک فوج کے بہادر جوانوں نے مکار دشمن کی تمام تر چالوں کو ناکام بنایا تھا۔ 6 ستمبر کا دن ہماری تاریخ میں قومی عظمت، سالمیت اور خودمختاری کی علامت ہے، اس دن بہادر فوج نے ثابت کیا کہ سرحدوں کی ہر قیمت پر حفاظت کیلیے تیار ہیں۔ جنگِ ستمبر ہماری تاریخ میں غیر متزلزل قومی عزم، پیشہ وارانہ مہارت اور جذبہ حب الوطنی و قربانی کی علامت کے طور پر ایک یادگار حیثیت رکھتی ہے۔محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ پاکستان کی سالمیت اور ترقی کے خلاف ناپاک عزائم کو ناکام بنانے کیلیے پوری پاکستانی قوم بہادر افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔ دشمن ہماری امن کی خواہش کوکمزوری مت سمجھے، ضرورت پڑی تو 1965ء والا جذبہ دہرا سکتے ہیں۔ کشمیر کا دیرینہ تنازعہ خطے کے امن و سلامتی کیلیے سب سے بڑا چیلنج، عالمی برادری اور اقوام متحدہ کو آگے بڑھ کر اس مسئلے کے حل کیلیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔