مزید خبریں

حکومت کو بلز میں ہونے والاظالمانہ اضافہ واپس لینا پڑیگا

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی )جماعت اسلامی یوتھ کے ضلعی صدر حافظ محمدنویداعوان 15ستمبرکو چوک گھنٹہ میں بجلی بلوں میں اضافے اورمہنگائی کے خلاف ہونیوالے جماعت اسلامی یوتھ کے جلسہ عام کے سلسلہ میں پی پی117،پی پی106،پی پی112 میں دورہ کیا اوریونٹس ذمے داران کے اجلاس سے مختلف مقامات پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کو بلز میں ہونے والاظالمانہ اضافہ واپس لینا پڑے گا، اگرقوم اب بھی نہ بیدار ہوئی تو آئی ایم ایف کے غلام درغلام حکمران عوام کو بھکاری بنادیں گے۔ یہ سیاسی نہیں بلکہ عوامی مسئلہ ہے، پوری قوم کویک زبان ہوکراس مسئلہ پر آواز اٹھانے کی ضرورت ہے۔ حافظ نویداعوان نے کہاکہ15ستمبرکو چوک گھنٹہ میں ہونے والے جلسہ سے امیرجماعت اسلامی سراج الحق خطاب کریں گے اورنئے احتجاجی لاحہ عمل کا اعلان کریں گے۔ پروگراموں سے جنرل سیکرٹری فاروق احمد،زونل امیرسلیم سرور ،محمدذیشان ،حمزہ تجمل،حسیب خالد،حماد تجمل نے بھی خطاب کیا۔ جلسہ میں ضلع بھرسے ہزاروں نوجوان چوک گھنٹہ پہنچیں گے اورحکومت کی عوام دشمنی کا اظہارکریں گے۔ حافظ محمدنویدنے کہاکہ اب کسی کو بجلی کے میٹر کاٹنے نہیں دیں گے۔ سابقہ حکمرانوں کے ستائے عوام کو نگران حکومت بھی ریلیف نہیں دے سکی۔ حکمران اگرعوام کو ریلیف نہیں دے سکتے توتکلیف بھی نہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ نگران حکومت بھی انہی کے نقش قدم پر چل پڑی ہے۔ عوام کی تکلیف کا کسی کوبھی احساس نہیں۔ سابقہ اور موجودہ حکمرانوں نے عوام سے جینے کا حق چھین لیا، عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکا ہے۔ بجلی بلز میں بے رحمانہ اضافہ ناقابل برداشت ہے۔ اشرافیہ سے مراعات واپس لے کر بجلی سستی کی جائے۔ آئی وی پیز کے ساتھ ناجائز معاہدے ختم کیے جائیں۔ انہوں نے کہاکہ 13 قسم کے ٹیکسز کے ذریعے ہر مہینے ڈاکہ غریب عوام کی جیبوں پر ڈالا جا رہا ہے۔ پور ے ملک میں بجلی کے بلز میں ہو شربا اضافے کے خلاف صدائے احتجاج بلند ہو رہی ہے۔ صرف غریب آدمی ہی نہیں بلکہ مڈل کلاس سمیت ہر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والا شخص پریشان ہے۔ عوام ہمارا ساتھ دیں ،ہم اس ظلم اور استحصالی نظام کو کسی صورت برداشت نہیں کریں گے۔ ظلم کے خلاف خاموش نہیں رہیں گے۔ ظالموں کا ساتھ دینا ظلم میں شریک ہونے کے مترادف ہے۔ وقت آ گیا ہے کہ پاکستان کو استعمار کے غلاموں سے نجات دلا کر حقیقی آزادی کی بنیاد رکھی جائے۔ انہوں نی کہا کہ ملک بدترین معاشی بحران کا شکار ہے اور معاشی بحران سیاسی بحرانوں میں بدلتے دیر نہیں لگتی۔ جب لوگوں کی امید یں محرومیوں میں بدلتی ہیں تو ان کے تیور بھی بدل جاتے ہیں ،زندہ باد کے نعرے لگانے والے مردہ باد کہنے پر مجبور ہو جاتے ہیں۔ حکمران حالات پر جلد قابو پانے میں ناکام رہے تو لوگ مرنے مارنے پر تل جائیں گے۔