مزید خبریں

مہنگائی کے بوجھ تلے پسی عوام کا کوئی پرسان حال نہیں

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی)حلقہ خواتین جماعت اسلامی کی ضلعی ناظمہ ڈاکٹر فہمیدہ الیاس، نائب ناظمہ سعدیہ رحمان،ثمرارحیم،جے آئی یوتھ کی ضلعی صدرفریحہ کاشف،ضلعی ترجمان نصرالسلام نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ جماعت اسلامی تبدیلی اور انقلاب امامت کے لئے آئینی اور جمہوری جدوجہد کی حامی ہے۔ قیادت جرآت مند ہو تو خواب تعبیر پاتے ہیں۔لیڈر شپ کاوژن اور اسکا یقین انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کو قائم ہوئے 82 برس ہوچکے ہیں مولانا ابو الاعلیٰ مودودی رح نے اسلام کو بحیثیت نظام دنیا کے سامنے پیش کیا اور جماعت اسلامی نے جس نظریہ فکر کی آبیاری کی وہ آج دنیا بھر میں اسلامی تحریکوں کی شکل میں تناور درخت بن گیا ہے۔آج نہ صرف پاکستان میں ہر شعبہ زندگی میں جماعت اسلامی کی فکر اور اسکے اثرات نظر آتے ہیں بلکہ دنیا میں جہاں چلے جائیں وہاں جماعت اسلامی کے وابستگان فروغ دین کے مشن میں مصروف نظر آتے ہیں ۔یہ جدوجہد ہی اصل متاع اور ایک بڑی کامیابی ہے۔ڈاکٹرفہمیدہ الیاس نے کہا کہ قرآن و سنت کی روشنی میں فکری اخلاقی اور عملی بنیاد مضبوط ہو توہرشخص استقامت سے ان فتنوں کاسامنا کرسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی کے بوجھ تلے پسی ہوئی عوام کا کوئی پرسان حال نہیں سیاسی و معاشی بدحالی کے بعد قوم کی اخلاقی حالت تباہی کے دھانے پر ہے۔ کلمۃ اللہ کے نام پر حاصل کیے گئے وطن عزیز پاکستان کے اندر تعلیمی اداروں، یونیورسٹیوں میں اخلاقی بحران اور منشیات کا استعمال بڑھ رہا ہے۔ اس گراوٹ میں انتظامیہ اساتذہ طلبہ سب ملوث ہیں تو دوسری طرف منصفوں اور گدی نشینوں کے گھروں میں کام کرنے والی قوم کی معصوم بیٹیاں سفاکیت اور ظلم کی بھینٹ چڑھائی جارہی ہیں،اشرافیہ کے مکر و فریب کا ایک نیٹ ورک ہے اور ظلم کے اس نظام میں سب باہم مربوط ہیں متحد ہیںضلعی ناظمہ نے کہا کہ ظلم کے خلاف آواز اٹھانا اورمظلوم کی دادرسی کرنا ہمارا دینی,اخلاقی وسیاسی فریضہ ہے۔انہوں نے کہا کہ قرآن کے بتائے گئے نظام حکومت کا قیام ہر مسلمان کا انفرادی طور پر اور امت مسلمہ کا بحیثیت مجموعی مقصد حیات ہے۔اسی مقصد کی تکمیل کے لیے اسلامی پاکستان خوشحال پاکستان کی جدوجہد کو پایہ تکمیل تک پہنچانا ناگزیر ہے انہوںنے کہا کہ ملک میں بچیوں،طالبات اور خواتین سے پیش آنے والے حالات و واقعات کے پیش نظر اس سال 4 ستمبر یوم حجاب کو چادر چار دیواری کے تحفظ کے نام کرتے ہیں۔