مزید خبریں

جدہ‘علی گیلانی کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی‘ خالد مجید

جدہ (سید مسرت خلیل) عظیم حریت لیڈر سید علی گیلانی کی دوسری برسی کے موقع پر قونصل جنرل پاکستان جدہ خالد مجید نے کہا ہے کہ سید علی گیلانی ہمت اور استقامت کا پیکر تھے، کشمیریوں کے حقوق کے لیے انتھک محنت، ان کی قربانیاں اور غیرمتزلزل عزم ہم سب کو ہمیشہ متاثر کرتا رہے گا۔ ہم بہادر کشمیری عوام کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی کرتے ہیں، ہمیں کشمیری آبادی کے خلاف جاری مظالم اور بھارتی خلاف ورزیوں پر
حمایت اور جموں و کشمیر میں غیر قانونی قبضے کی مذمت جاری رکھنی چاہیے۔ حکومت پاکستان کشمیریوں کی جدوجہد کی حمایت کے لیے اپنے غیرمتزلزل عزم کا اعادہ کرتی ہے۔ ہم عالمی برادری سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ دیرینہ تنازع کو اقوام متحدہ کی قراردادوں پرحل کرنے میں کردار ادا کرے کیونکہ کشمیری عوام کو ان کا بنیادی حق خودارادیت دیا جانا وقت کا تقاضہ بن چکا ہے۔ سید علی گیلانی کے متاثر کن الفاظ”ہم پاکستانی ہیں، پاکستان ہمارا ہے” ہمارے دل و دماغ میں ہمیشہ گونجتے رہیں گے۔ ہم عہد کرتے ہیں کہ اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے شانہ بشانہ ان کی جائز امنگوں کے حصول کے لیے تمام ذرائع بروئے کار لائیں گے۔تاکہ کشمیری عوام اپنی تقدیر کا خود فیصلہ کر سکیں اور امن اور ہم آہنگی سے رہ سکیں۔