مزید خبریں

احمد فاروق کی شہزادہ سعود بن مشعل سے ملاقات، کرکٹ کے فروغ پر اتفاق

جدہ (سید مسرت خلیل) سعودی عرب میں متعین پاکستان کے نئے سفیراحمد فاروق نے سعودی عربین کرکٹ فیڈریشن (ایس اے سی ایف) کے چیئرمین شہزادہ سعود بن مشعل آل سعود سے ریاض میں ان کے قصر میں ملاقات کی ہے۔ چیئرمین شہزادہ سعود بن مشعل آل سعود نے پاکستان کے سفیراحمد فاروق کا خیر مقدم کرتے ہوئے انھیں سعودی عرب میں بطور سفیر تعینات ہونے پر مبارک باد دی۔ ملاقات کے دوران دونوں کے درمیان کرکٹ کے امور پر گفتگو ہوئی اور کرکٹ کے فروغ کے لئے دونوں ممالک کے درمیان تعاون بڑھانے سے متعلق تبادلہ خیال ہوا۔ یاد رہے گذشتہ دنوں سفیر پاکستان نے جدہ میں کمیونٹی سے ملاقات کے دوران جسارت کے بیوروچیف سید مسرت خلیل کے سوال کے جواب میں کہا تھا کہ ہماری کوشش ہے کہ کھیلوں کے میدان میں بھی سعودی عرب سے تعاون کیا جائے۔ کرکٹ کو سرکاری سطح پر فروغ دینے کے لئے سعودی عربین کرکٹ فیڈریشن اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے نمائندوں کے درمیان مضبوط تعلقات پیدا کیے جائیں۔ ایم او یو پر دستخط ہوں۔ چونکہ کرکٹ پاکستان میں بے حد مقبول ہے اورکرکٹ کے ہرشعبہ میں ہمارے یہاں بہت ” ٹیلنٹ ” ہے، اس بنیاد پر ہم سعودی کرکٹ کے فروغ میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔ انھوں نے وضاحت کی تھی کہ ابھی تک اس سلسلے میں سرکاری سطح پر کوئی پیش رفت نہیں ہوئی ہے۔واضح رہے کہ پاکستان میں سوشل میڈیا کے ذریعے ایک پاکستانی پی ایس ایل فرنچائز نے یہ دعوٰی کیا تھا کہ ان کا سعودی کرکٹ کونسل سے حتمی بات ہوگئی ہے اور بس ایم او یو پر دستخط ہونا باقی ہے۔ اس تردید کے بعد کرکٹ سے وابستہ حلقے اس پروپیگنڈہ کو رد کردیں گے۔