مزید خبریں

میرحاصل بزنجوایک تحریک کا نام تھے، قاضی اسحاق میمن

نیشنل پارٹی اوورسیز ریاض کے زیر اہتمام میر جمہوریت میر حاصل خان بزنجو مرحوم کی تیسری برسی کے موقع پر تعزیتی ریفرنس کی ایک یادگار تقریب ریڈ اونین ریسٹورنٹ میں منگل کو بعد نماز عشاء منعقد ہوئی۔ جس میں میر جمہوریت میر حاصل خان بزنجو کی جمہوریت کی بحالی کے لئے گرانقدر خدمات پر خراج تحسین پیش کیا گیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی اور “بابائے ریاض” قاضی اسحاق میمن نے کہا کہ میر جمہوریت میر حاصل بزنجو ایک تحریک کا نام تھے، انکی ساری زندگی عوام۔کی خدمت اورجدوجہد جمہوریت کی بحالی میں گزری اور وہ اپنی جدوجہد میں کبھی بھی تزلزل کا شکار نہ ہوئے اور ہمیشہ اپنی زندگی میں جمہوریت کے تحفظ اور بحالی کا درس دیا۔
تقریب سے حفیظ بلوچ اور پاکستان پیپلز پارٹی ریاض ریجن کے صدر احسن عباسی کا کہنا تھا کہ میرحاصل بزنجو کی جمہوریت پسندانہ کوشش اور سیاسی جدوجہد کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے جہاں بلوچستان کی عوام میں سیاسی شعور بیدار کیا وہیں پر انہوں نے قومی سطح پر بلوچستان کے مسائل کو اجاگرکیا۔ تقریب کی نظامت حفیظ بلوچ نے سر انجام دیئے۔ نششت کی صدارت ڈاکٹر مزمل شاہ نے کی۔
سینئر صحافی ذکاء اللہ محسن نے کہا کہ پاکستان کے اندر جمہوریت کی بقاء و سلامتی کے لئے میر حاصل خان بزنجو کی زندگی کے ادھورے مشن کو مکمل کرنا ہو گا، اور ملک کے اندر جمہوریت کو مستحکم کرنے کے لئے اپنے اپنے سیاسی اختلافات کو پس پشت ڈالنا ہو گا، آج ملک کے اندر صحافت کو بھی۔کئی شدید خطرات کا سامنا ہے، اور صحافی عدم تحفظ میں تہ کر اپنی صحافتی ذمہ داریوں کو پورا کرنے پر مجبور ہیں، صحافت کا میدان خطرات سے بھرا پڑا ہے، اور شعبہ صحافت شدید مسائل کی بھنور میں ڈوبا ہوا ہے۔ علی ممتاز نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ میر جمہوریت میر حاصل خان بزنجو پوری انسانیت کی بھلائی کا درس تھے ان کی روح کے ایصال ثواب کے لئے اجتماعی طور پر انہوں نے دعائے مغفرت کروائی، ان کی پوری زندگی جدوجہد جمہوریت کو کامیابی سے ہمکنار کرنے پر گزر گئی، انکی اس جدوجہد کو کبھی بھی فراموش نہی کیا جا سکتا۔
تقریب سے خالد اکرم رانا ، رانا عدیل، راجہ عابد ،حبیبِ یونس، امجد خان، ممتاز خان، اقبال ودود ،مزمل شاہ اور قاضی اسحاق میمن کا کہنا تھا کہ انہوں نے بلوچستان کے عوام کو شعور دیا اور طالب علمی سے ہی نظریاتی سوچ پرعمل پیرا تھے۔ میر حاصل بزنجو بلوچ قوم اور پاکستان کی ترقی کے لئے جدوجہد کرتے تھے انہوں نے بلوچستان کے نوجوان کو ہمیشہ پاکستان کی ترقی و خوشحالی کا درس دیا۔ تقریب کے اختتام پر میر جمہوریت میر حاصل خان بزنجو کی روح کے ایصال ثواب کے لئے اور بلند درجات کے لئے اجتماعی طور پر دو کی گئی اور تمام مہمانوں کی آمد کا بھی شکریہ ادا کیا اس طرح یہ یادگار تقریب سنہری یادوں کے ساتھ رات 10 بجے اختتام پذیر ہوئی۔