مزید خبریں

نگراں وزیراعلیٰ شفاف انتخابات سمیت صنعتی بحران پر بھی توجہ دیں،مظہر الحق

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر)حیدرآباد سائٹ ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسری کے بانی چیئرمین مظہر الحق چودھری نے ریٹائرڈ جسٹس مقبول باقر کو نگراں وزیر اعلیٰ سندھ کی ذمے داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ وہ صوبے میں منصفانہ اور شفاف انتخابات کو یقینی بنانے کے ساتھ مختصر مدت میں صنعتی بحران پر بھی توجہ دیں گے کیونکہ معاشی بدحالی کا ایک بڑا سبب کارخانوں فیکٹریوں میں پیداوار متاثر اور بند ہونا ہے جس کے نتیجے میں بےروزگاری تیزی سے بڑھ رہی ہے اور بدترین مہنگائی میں لاکھوں شہریوں کی زندگی تنگ ہو کر رہ گئی ہے۔مظہر الحق چودھری نے ایک بیان میں کہا کہ جسٹس (ر)مقبول باقر منصف اعلیٰ کی حیثیت سے بلند مرتبہ اور نہایت نیک نام رہے ہیں اس لیے ان سے صنعتکاروں کاروباری برادری کو بھی بڑی توقعات ہیں، انہوں نے کہا کہ سندھ میں صنعتی شعبے کو نہ صرف نظرانداز کیا گیا ہے بلکہ سندھ سائٹ لمیٹڈ میں کرپشن اور نااہلی
بھی عروج پر چلی آ رہی ہے، حیدرآباد سمیت دیگر صنعتی علاقوں میں انفرا اسٹرکچر کی تعمیر، مرمت، دیکھ بھال پر ہر جگہ کروڑوں کے اخراجات دکھائے جاتے ہیں لیکن عملاً کام برائے نام ہوتا ہے، انہوں نے کہا کہ حیدرآباد سائٹ ایریا اس وقت موہن جو دڑو کا نقشہ پیش کر رہا ہے بظاہر چند ماہ پہلے سڑکوں کی تعمیر پر کروڑوں روپے خرچ کیے گئے تھے مگر سڑکیں کھنڈر بنی ہوئی ہیں، تجاوزات کی بھرمار ہے، صفائی ستھرائی کا شدید فقدان ہے، نکاسی آب کا نظام مفلوج ہے، سیوریج کے نالے تو ویسے بھی ابلتے رہتے ہیں، معمولی بارشوں میں اتنا پانی بھر جاتا ہے کارخانوں میں کروڑوں کا نقصان برداشت کرنا پڑتا ہے، ملازمین کی کالونی بھی ڈوب جاتی ہے، صنعتی کاروباری تمام اسٹیک ہولڈرز محنت کش سب بہت پریشان ہیں۔ مظہر الحق چودھری نے کہا کہ سندھ سائٹ لمیٹڈ کی کارکردگی کے بارے میں تحقیقات کرانے اور اسے کرپٹ و قبضہ مافیا سے نجات دلانے، سائٹ کے علاقوں میں انفرا اسٹرکچر کو اپ گریڈ کرنے اور صنعتی کاروباری شعبے کے مسائل کے حل پر فوری توجہ دی جانی چاہیے۔