مزید خبریں

جدہ: پاکستان کے نئے سفیر احمد فاروق نے کمیونٹی سے تعارفی ملاقات کی

سعودی عرب میں پاکستان کے نئے سفیر احمد فاروق نے جدہ قونصلیٹ میں پاکستانی کمیونٹی سے تعارفی ملاقات کی جس میں انہوں نے یقین دلایا کہ محنت کشوں اور کمیونٹی کو درپیش مسائل کو ترجیح دی جائے گی اور ان کو حل کیا جائے گا۔
عرب میڈیا کے مطابق احمد فاروق نے نئی ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد بدھ کو جدہ کے اپنے پہلے سرکاری دورے میں مصروف دن گزارا۔ جدہ قونصلیٹ کے افسران سے ملاقاتیں کیں۔
ذرائع ابلاع کے نمائندوں، کمیونٹی کی شخصیات ، کشمیر کمیٹی جدہ اور جموں و کشمیر کمیٹی اوورسیز کے وفد سے بھی ملاقات کی اور سوالات کے جواب دیے۔
اس موقع پر قونصل جنرل خالد مجید نے سفیر پاکستان کا خیرمقدم کیا اور انہیں قونصلیٹ کی سطح پر کمیونٹی کے مسائل کے حل کے لیے کی جانے والی کوششوں سے آگاہ کیا۔
سفیر پاکستان کا کہنا تھا کہ ’پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات بشمول دفاعی شعبے میں بہت مضبوط ہیں تاہم دونوں ملکوں نے 2019 میں معاشی تعلقات مضبوط بنیادوں پر استوار کرنے کےلیے پاک، سعودی سپریم کوآرڈینیش کونسل قائم کی تھی۔ اس کے تین ستون سیاسی و دفاعی، معاشی اور ثقافتی وسماجی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ’معاشی ستون کے تحت متعدد انیشیٹوز اور معاہدوں پر کام ہو رہا ہے۔ ان میں سب سے اہم آئل ریفائنری پروجیکٹ ہے۔ سفیر پاکستان نے کہا کہ’ آئل ریفائنری منصوبے پر سعودی آرامکو، پاکستان سٹیٹ آئل اور دیگر کمپنیوں نے فزیبلٹی پر کام کیا ہے۔ کمرشل معاہدہ ہونے پر جلد ریفائنری پرکام شروع ہونے کی توقع ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں ہونے والی معدنیات کانفرنس میں سعودی عرب نے دلچسپی لی ہے۔ معدنیات کے شعبے میں سعودی سرمایہ کاری آنے کی امید ہے۔ انہوں نے زرعی شعبے میں بھی تعاون کا امکان ظاہر کیا اور کہا کہ’ زرعی شعبے میں سرمایہ کاری کا فائدہ بڑا یہ ہوگا کہ پاکستان ایکسپورٹ بڑھے گی اور سعودی عرب کی غذائی ضروریات پوری ہوں گی۔ ایک اور شعبہ جس میس سرمایہ کاری کی کوشش ہورہی ہے وہ انفارمیشن ٹیکنالوجی ہے۔ اس پر ہم کافی کام کرر ہے ہیں۔ اس میں بھی ایک دو معاہدے حتمی مرحلے میں ہیں۔ ان پر جلد دستخط ہو جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ سرکاری اور پرائیویٹ سیکڑ دونوں حوالے سے اس شعبے میں گروتھ ہو رہی ہے۔ ہمارے لیے بزنس کے مواقع ہیں۔
سفیر پاکستان نے سعودی عرب میں پاکستانی کمیونٹی اور ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے کہا کہ وہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات کے حوالے سے مثبت پہلووں کو اجاگر کریں اور ایک روش تصویر پیش کریں۔ احمد فاروق نے پاکستانی کمیونٹی کو درپیش مسائل کے حل اور فلاح وبہبود کے حوالے سے کیے جانے والے اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے پاکستان کےلیے مسسلسل سعودی عرب کی حمایت پر شکریہ ادا کیا اور سعودی قیادت کی جانب سے امت مسلمہ کے اتحاد اور عالمی امن کو فروغ دینے کے لیے مثبت کردار کو سراہا۔
بعد ازاں سفیر پاکستان نے کمیونٹی شخصیات سے ملاقات کی اور سوالات کے جواب دیے
ایک سوال پرانہوں نے کہا کہ سعودی عرب میں پاکستانی سکلڈ لیبر لانے پر بھی توجہ ہے۔ سفارتخانہ اور قونصلیٹ اس حوالے سے کام کررہے ہیں۔ مملکت میں تعمیرات کے شعبے میں اس وقت زیادہ سرمایہ کاری ہورہی ہے۔ کوشش ہے پاکستان کی اچھی تعمیراتی کمپنیو ں کو یہاں لایا جائے تاکہ انجینیئرز اور ورکرز کو ملازمت زیادہ سے زیادہ مواقع مل سکیں
مملکت میں کرکٹ کی ترقی و ترویج میں تعاون کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ وہ جلد ہی سعودی عربین کرکٹ فیڈریشن کے سربراہ سے ملاقات کریں گے۔ جدہ کے دورے سے قبل سفیر نے سعودی حکومت کی خصوصی دعوت پر خانہ کعبہ کی دھلائی کی تقریب میں شرکت کی۔