مزید خبریں

فیصل آباد : مہنگائی کیخلاف کل سے احتجاجی کیمپ لگانے کا اعلان

فیصل آباد (نمائندہ جسارت) جماعت اسلامی نے بجلی،گیس،واسا کے بلوں، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوش ربا اضافہ اورکمرتوڑ مہنگائی کے خلاف کل سے چوک گھنٹہ گھر میں 7 روزہ احتجاجی کیمپ لگانے کا اعلان کر دیا۔7 سے 13 اگست تک جماعت اسلامی کے کارکن مسلسل 7 دن دھرنا دیں گے۔ احتجاجی دھرنا میں مرکزی اورر صوبائی قیادت بھی شریک ہو گی، جماعت اسلامی نے تاجر، مزدور، کسان تنظیموں،وکلاء،طلبہ اور سول سوسائٹی کے نمائندوں کو احتجاج میں شرکت کی دعوت دے دی۔ اس امرکا اعلان ضلعی امیر پروفیسرمحبوب الزماں بٹ نے المرکزالاسلامی چنیوٹ بازار میں زونل امراء، جنرل سیکرٹریزکے مشارتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ضلعی جنرل سیکرٹری شیخ محمد مشتاق، ڈپٹی سیکرٹری عمران اصغر بھی موجود تھے۔ محبوب الزماں بٹ نے کہا کہ مسلسل مہنگائی نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی، حکومت نے عوام کو ریلیف فراہم نہ کیا تو انتخابات حکمرانوں کے لیے ڈرائونا خواب ثابت ہوں گے، حکومت آئی ایم ایف کے سامنے مکمل سرنڈر ہو گئی ، آئی ایم ایف کی ہر شرط کو آنکھیں بند کرکے ماننا انتہائی بھیانک اور تاریک مستقبل کی طرف پیش رفت ہے۔ پی ٹی آئی کی طرح پی ڈی ایم کی معاشی ٹیم بھی ناکام ثابت ہوئی ہے، آئی ایم ایف پروگرام پاکستان کو معاشی بدحالی سے نہیں نکال سکتا، انہوں نے کہاکہ یوٹیلیٹی بلز عوام کے لیے موت کے پرزے بن گئے ہیں ۔