مزید خبریں

حق کی سربلندی کیلیے باطل کا مقابلہ کرنا چاہیے، جماعت اسلامی خواتین

فیصل آباد (نمائندہ جسارت) حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کی ڈپٹی جنرل سیکرٹری بشری صادقہ، صوبائی نائب ناظمہ فوزیہ محبوب،ضلعی ناظمہ ڈاکٹر فہمیدہ الیاس،نائب ناظمہ سعدیہ رحمان، ثمرا رحیم، جے آئی یوتھ کی ضلعی صدرفریحہ کاشف،ضلعی ترجمان نصرالسلام نے اپنے مشترکہ بیان میںکہا ہے کہ ماہ محرم الحرام حق اور باطل کے درمیان فرق واضح کرتا ہے،امام حسین ؓنے حق کی خاطر اپنی جان قربان کردی اور رہتی دنیا تک یہ درس دیا کہ حق کے خاطر باطل کے سامنے ڈٹ کر مقابلہ کرتے رہنا چاہیے۔ ہمیں بھی اس واقعے سے سبق حاصل کرنا چاہیے اور حق کی سربلندی کے لیے باطل کے خلاف متحد ہوکر مقابلہ کرنا چاہیے۔ اُمت کا اتحاد و یکجہتی اور بھائی چارہ شر پسند عناصر کے لیے پیغام ہے کہ وہ ہمیں کسی صورت منتشر نہیں کرسکتے، واقعہ کربلا ظلم کے خلاف قربانی کا نا قابل فراموش واقعہ ہے، حضرت حسینؓ نے قربانی دے کر بتا دیا کہ اپنے عزیز رشتوں کو بھی قربان کیا جاسکتا ہے لیکن ظلم کی حکومت کو قبول نہیں کیا جا سکتا۔ ضلعی ناظمہ ڈاکٹرفہمیدہ الیاس نے کہا کہ اسلامی تاریخ میں ایثار و قربانی کے بے شمار واقعات ہیں لیکن کسی بھی واقعے کو کربلا کی طرح یاد نہیں کیا جاتا، کسی بھی واقعے پر دُکھ اور افسوس کا اظہار اتنا اور اس طرح نہیں کیا جاتا۔ انہوں نے کہا کہ نواسہ رسول صلی اللہ علیہ وسلم اور ان کے خاندان کو صرف اور صرف اس لیے قتل کردیا گیا کہ انہوں اقتدار کے انتقال کے اس طریقہ کو قبول نہیں کیا جو یزید کی تقرری کے لیے اپنایا گیا، یزید کی تقرری کا طریقہ حضرت ابو بکر صدیق ؓسے لے کر حضرت علی ؓتک جو طریقہ اختیار کیا ان سب سے مختلف تھا۔