مزید خبریں

ظالم کے سامنے ڈٹ جانا کردارِ حسینی ہے، نوید اعوان

 

فیصل آباد (نمائندہ جسارت) جماعت اسلامی یوتھ کے ضلعی صدر حافظ محمد نوید اعوان اور جنرل سیکرٹری میاں فاروق احمد نے کہا ہے کہ ظالم و جابر قوتوں کے سامنے ڈٹ جانا کردارِ حسینی ہے، تاریخ اسلام میں شہدائے کربلا کی قربانیاں اسلام کی سربلندی اور ظلم کے خلاف صف بندی کا بہترین نمونہ ہیں۔ امام حسین ؓ نے دین کی حفاظت کے لیے سب کچھ قربان کر کے اعلیٰ مقام حاصل کیا جو رہتی دنیا تک انسا نیت کو جبرو استبداد کے خلاف جہا د کا درس دیتا رہے گا۔ صدر جے آئی یوتھ حافظ محمد نوید اعوان نے کہا کہ حضرت امام حسین ؓنے یزید کی بیعت سے انکار کرکے دین مصطفی کی اشاعت کے لیے شہادت کو فوقیت دی اور راہِ حق میں جانوں کا نذرانہ دے کر ظالم کے سامنے سینہ سپر ہونے کا سبق دیا، زندہ رہنے اور زندوں کی طرح زندگی گزارنے کا حق صرف اس کو ہے جو باطل کے مقابلے میں حق کی خاطر جان دینے کے لیے تیار ہو، وہ قومیں جو موت سے ڈرتی اور زندگی کی عیاشیوں سے عشق کرتی ہیں اْن کا مقدر زندہ درگور ہونا ہی بن جاتا ہے۔