مزید خبریں

ٹنڈوالہیار : جماعت اسلامی کی محر م الحرام کے سلسلے میں تربیتی نشست

ٹنڈوالہیار (نمائندہ جسارت) جماعت اسلامی کے زیر اہتما م مسجد آمین میں محر م الحرام کے سلسلے میں تربیتی نشست کا اہتمام کیا گیا ، جس میں عبدالقدوس احمدانی نے خطاب کر تے ہو ئے کہا کہ وقت کے یزیدی نظام و اس کے علم برداروں کو للکارنا اور اسلامی نظام حکومت کے قیام کے لیے جدوجہد اور اس پر کوئی سمجھوتا نہ کرنا پیغام شہادت حسین ؓہے۔واقعہ کربلا حق کے غلبے کے لیے سب کچھ قربان کرنے کا درس دیتا ہے۔ محرم الحرام کا مہینہ اللہ سے قربت اور گناہوں سے دوری کا مہینہ ہے، اس کی عظمت و حرمت آدم علیہ السلام کے وقت سے چلی آرہی ہے۔ امام حسین ؓنے پیش گوئی کے مطابق نبی کے مشن کی تکمیل اور اقامت دین کے تصور کو شہادت سے زندہ کیا۔ تقر یب سے مولانا رئیس شیخ نے خطاب کر تے ہو ئے کہا کہ آج یزید سے بھی بدتر ظالم و فاسق حکمران اُمت مسلمہ پر مسلط ہیں، جن کی کرپشن ولوٹ مار نے زندگیاں اجیرن کر دی۔ جماعت اسلامی یزیدی نظام کے خلاف اور اسلامی نظام حکومت کے قیام والے حسینی مشن پر گامزن ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہادت حسین ؓسے فلسفہ حسین کو سمجھنا اور اپنی زندگیوں میں انقلاب لانا ہوگا۔ حضرت حسین ؓنے جو صبر استقامت حق گوئی کی جو مثال قائم کی اس کی نظیر رہتی دنیا تک نہیں مل سکتی، باطل چاہے کتنا ہی طاقتور کیوں نا ہو اسلام کا جھنڈا ہمیشہ سربلند رہے گا۔ تقر یب سے مولانا عبدالحق ہاشمی نے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ کربلاء کے شہیدوں نے عظیم قربانیاں دیں ہمیں انسانیت کی فلاح، بہبود اور بہتری کے لیے انہی کی سیرت و کردار کی پیروی کرنا ہوگی۔