مزید خبریں

بلوچستان کے سیلاب زدہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری

کوئٹہ (نمائندہ جسارت) ایف سی بلوچستان (نارتھ) کی جانب سے سول انتظامیہ اور پی ڈی ایم اے کے ہمراہ بلوچستان کے سیلاب زدہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ بلوچستان میں حالیہ بارشوں کی وجہ سے مختلف علاقوں میں سیلاب آنے سے مقامی لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ ایف سی بلوچستان کی سول انتظامیہ کے ہمراہ مختلف علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں، مقامی آبادی کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے، اس کے علاوہ متاثرین میں راشن، پکا ہوا کھانا اور ٹینٹس تقسیم کیے جا رہے ہیں۔ قومی شاہراہ N65 پر پنجرہ پل کے مقام پر مسافروں اور ٹرکوں کی بڑی تعداد پھنس گئی تھی جن میں خواتین اور بچے شامل تھے ان تمام لوگوں کو ایف سی کی جانب سے پکا ہوا کھانا اور پینے کا صاف تقسیم کیا جا رہا ہے۔ پنجرہ پل پر روڈ بحال کرنے کی کوششیں بھی بلا تعطل جاری ہیں۔ ضلع سوئی اور صحبت پور میں لوگوں کو ریسکیو کرکے محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا اور امدادی اشیاء فراہم کی گئی۔ ضلع ہرنائی میں غریب آباد کے علاقے میں سیلاب سے مقامی آبادی کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا اور 3 بچے جو پانی کے تیز بہائو کی وجہ سے نالے میں پھنس گئے تھے انہیں ریسکیو کرکے محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا ہے۔