مزید خبریں

استحکام پاکستان پارٹی کا 14اگست کو سیاسی سفر شروع کرنیکا اعلان

لاہور(نمائندہ جسارت) استحکام پاکستان پارٹی کی ترجمان فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے اپنے لوگ ان کے خلاف اب وعدہ معاف گواہ بن کر سامنے آ رہے ہیں، استحکام پاکستان پارٹی 14 اگست سے باضابطہ طور پر اپنا سیاسی سفر شروع کرے گی۔لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ شہدا کی یادگاروں کو جلانا سیاسی جماعتوں کا نہیں دہشت گرد تنظیموں کا عمل ہے، محب وطن پاکستانی دیمک زدہ پارٹی کا حصہ نہیں بنیں گے۔انہوں نے کہا کہ اسرائیل کو اپنے بغل بچے کے لیے بہت درد ہو رہا
ہے، 9 مئی کے بعد گالم گلوچ اور مار دھاڑ کی سیاست ختم ہو گئی۔ترجمان استحکام پاکستان پارٹی کا کہنا تھا کہ استحکام پاکستان پارٹی کا جنم نو مئی واقعات نے کیا ہے، 9 مئی کے بعد پاکستان کو گرین سیاست کی ضرورت تھی، گھٹن زدہ ماحول میں استحکام پارٹی تازہ ہوا کا جھونکا ہے، استحکام پاکستان پارٹی ملکی مسائل حل کرنے کی کنجی لے کر آئی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ سیاسی ومعاشی محاذ پر پاکستان کو بہت سے چیلنجز درپیش ہیں، استحکام پاکستان پارٹی کا منشور ملک کی بگڑی سیاسی و معاشی صحت کو بہتر کرنے کا نسخہ ہے۔فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ استحکام پاکستان پارٹی پاکستان کو سیاسی ومعاشی محاذ پرمستحکم بنائے گی، استحکام پاکستان پارٹی ایکو فرینڈلی سیاست کو متعارف کرانے آئی ہے، اقتدار میں آکر 300 یونٹ تک بجلی متوسط طبقے کو فری دیں گے۔فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ سیاست کا منظرنامہ اگست میں بدلے گا، 14 اگست سے باضابطہ طور پر سیاسی سفر بھرپور طریقے سے شروع کریں گے، 14 اگست یوم آزادی کے ساتھ پارٹی کے جنم دن کے طور پر منایا جائے گا، 14 اگست کو قومی اور پارٹی پرچم لہرانے کی مہم شروع کریں گے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہوں، استحکام پاکستان پارٹی کا انتخابی نشان “شاہین” چنا ہے جس کے لیے الیکشن کمیشن کو درخواست دے دی ہے۔