مزید خبریں

موت سے ڈرنے والی قومیں زندہ درگورہوجاتی ہیں‘ لیاقت بلوچ

راولپنڈی /لاہور(نمائندگان جسارت)نائب امیر جماعت اسلامی، سیکرٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ نے راولپنڈی، لاہور میں شہادتِ حسینؓ اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ زندہ رہنے اور زندوں کی طرح زندگی گزارنے کا حق صرف اس کو ہے جو باطل کے مقابلے میں حق کی خاطر جان دینے کے لیے تیار ہو۔ وہ قومیں جو موت سے ڈرتی اور زندگی کی عیاشیوں سے عشق کرتی ہیں اْن کا مقدر زندہ درگور ہونا ہی بن جاتا ہے۔ امام حسینؓ نے حق کا پرچم بلند
کیا، ریاست اور انسانوں کے اجتماعی نظام کو اسلام و شریعت محمدیؐ کے اصولوں سے الگ کرنے کے اقدامات سے بغاوت کی۔ خانوادہ رسول ؐ نے شہادتوں کے جام پی لیے لیکن باطل کے سامنے سرنگوں ہونے سے انکار کردیا۔ یزید کا نظام اور طرزِ حکومت قیامت تک باطل ٹھیرا اور امام حسینؓ کی قیادت میں قافلے کی شہادت ہی قیامت تک حق ہے۔ ہر دور کے اہل ایمان کی ذمے داری ہے کہ یزیدی نظام کے مقابلے میں کمربستہ ہوجائیں۔ مردہ یزید ہی نہیں یزیدی نظام مسلط کرنے والے حکمران بھی یزید کے ہی پیروکار ہیں۔ اتحادِ اْمت دردِ مشترک، قدرِ مشترک ہی اہل ایمان کی طاقت ہے۔لیاقت بلوچ نے صحافیوں کے سوالات کے جواب میں کہا کہ اسمبلیوں کی مدت مکمل ہونے کے بعد آئین پابند کرتا ہے کہ 60 یا 90 دن کے اندر انتخابات کرائے جائیں۔ پنجاب اور خیبرپختونخوا کی اسمبلیوں کے انتخابات کا لتوا بھی غیرآئینی تھا اور قومی اسمبلی، سندھ اور بلوچستان اسمبلیوں کے تحلیل ہونے کے بعد انتخابات کا التوا کا کوئی بھی جواز غیر آئینی، غیرجمہوری ہوگا۔ ماضی کی طرح غیر آئینی اقدام انتہائی منفی اثرات لائے گا۔ سیاسی، اقتصادی اور سلامتی کے بحرانوں کا تقاضا ہے کہ بروقت، صاف شفاف، غیرجانبدارانہ انتخابات کرائے جائیں۔ اتحادی حکومت نااہل اور ناکام تھی لیکن آخری ایام میں اپنی ناکامیوں اور عوام دشمن چہرے کو چھپانے کے لیے دھڑا دھڑ فرضی، نمائشی انتخابی منصوبے، فرضی انتقام لیے جارہے ہیں۔ عوام حکومت کی چال بازیوں کو جانتے ہیں۔ ووٹ کی طاقت سے اپنے اوپر ظلم و ستم، مہنگائی، بے روزگاری، افراطِ زر، بجلی، گیس لوڈشیڈنگ کے مسلط کردہ عذاب کا بدلہ لیں گے۔