مزید خبریں

پیپلز پارٹی کی نظریں صرف سندھ کے وسائل پر ہیں،ایاز پلیجو

حیدرآباد(نمائندہ جسارت) قومی عوامی تحریک کے سربراہ ایاز لطیف پلیجو نے کہاکہ تھر اور کارونجھر سندھ کا سونا اور تاریخ ہیں جنہیں کوئی تباہ نہیں کر سکتا، پیپلز پارٹی کو سندھ کے عوام سے کوئی محبت نہیں، ان کی نظریں صرف سندھ کے وسائل پر ہیں، آئے روز ان وسائل پر قبضے اور چوری کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔شہر میں نکاسی آب کا نظام تباہ ہونے کی وجہ سے سڑکوں، گلیوں اور اکثر گھروں میں پانی کھڑا ہے۔ بجلی کا نظام درہم برہم ہے۔ ایاز لطیف پلیجو نے کہا کہ سب سے زیادہ پیسہ کھانے والے محکمہ لوکل گورنمنٹ کی نااہلی اور کرپشن کی وجہ سے لاکھوں لوگ مشکلات اور مصائب کا شکار ہیں۔ دنیا بھر میں لوگ بارشوں سے لطف اندوز ہوتے ہیں لیکن ہمارے ملک میں حکمرانوں کی کرپشن اور نااہلی کی وجہ سے عوام مشکلات کا شکار ہیں۔ انہوںنے کہا کہ تمام شہروں کے نکاسی آب کے نظام کو سو سالہ منصوبے کے تحت نئے سرے سے ڈیزائن کیا جائے تاکہ کسی بھی شہر میں پانی کی نکاسی کا نظام عوام کے لیے عذاب نہ بن سکے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں ترقی اور خوشحالی کے جھوٹے دعوے کرنے والے حکمران اپنے اعمال کو آئینے میں دیکھیں۔ سندھ میں حکمرانوں کی بے حسی اور کرپشن کی وجہ سے لوگ مر رہے ہیں۔ عوام کے حقوق پامال ہو رہے ہیں۔ مزدور، کسان اور غریب عوام دو پہیوں کی روٹی سے محروم ہو چکے ہیں انہوںنے کہاکہ: قومی عوامی تحریک 3 اگست بروز جمعرات دوپہر 12 بجے مٹھی شہر میں کانفرنس منعقد کرے گی۔