مزید خبریں

سندھ میں لاقانونیت اور ظلم وجبر کی انتہا کردگی گئی ،عقیل احمد خان

حیدرآباد(نمائندہ جسارت)امیر جماعت اسلامی ضلع حیدرآباد عقیل احمد خان نے کہا ہے کہ سندھ میں لاقانونیت اور ظلم وجبر کی انتہا کردگی گئی ہے ،حکومتی رٹ موجود نہیں ہے ،عام وشریف شہریوں کی زندگی اجیرن کردی ہے۔ انہوںنے کہاکہ 18جولائی کو ٹنڈو جام تھانے کی حدود میں بدنام زمانہ دہشت گرد قبضہ مافیا جرائم پیشہ غلام فرید پسیونے اپنے ساتھیوں کے ساتھ ملکر چادر اور چار دیواری کے تقدس کو پامال کرتے ہوئے ظہیر قریشی کے گھر پر حملہ کرکے خواتین سمیت گھر میں موجود افراد پر تشدد کیا اور انہیں گھر سے بے دخل کردیا جس دوران یہ لوگ تھانے گئے، اس دوران فرید اور اس کے ساتھوں نے ان کی دکان سامان لوٹ لیا، متعلقہ ایس ایچ او نے فریاد سننے کے بجائے مافیا کی سہولت کاری کرتے ہوئے فرید سے گھر خالی کراکر اس پر پولیس تعینات کردی جبکہ یہاں ستر سال سے رہائش پذیرقریشی فیملی کو در بدر کردیا ،یہ مکان قریشی برادری کی ملکیت ہے جس کے کاغذات بھی موجود ہیں مگر افسوس انتظامیہ کی ملی بھگت سے انہیں بے دخل کردیا گیا آج یہ بے یارو مدد گار ہیں کوئی سننے والا نہیں انہوںنے مطالبہ کیا کہ اعلی عدلیہ اورحکومت معاملے کا سنجیدگی سے نوٹس لے اور فوری طور پر ظہیر قریشی کو انصاف فراہم کرتے ہوئے گھر ، لوٹا گیا سامان واپس دلایا جائے ۔