مزید خبریں

جج کے گھر 14سالہ ملازمہ پر پراسرارتشدد ‘جج کااظہارلاعلمی

اسلام آباد ( نمائندہ جسارت)اسلام آباد میں جج کے گھر میں 14 سالہ گھریلو ملازمہ پُراسرار طور پر زخمی ہوئی ہے، سول جج عاصم حفیظ کی اہلیہ ملازمہ کو تشویشناک حالت میں سرگودھا چھوڑ کر آگئیں۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) سرگودھا کا کہنا ہے کہ بچی کے سر پر چوٹوں کے 15 نشانات ہیں اور زخموں میں کیڑے پڑ چکے ہیں۔ بچی کے والدین نے کہا ہے کہ جج عاصم حفیظ کی بیوی نے ان کی بیٹی پر تشدد کیا ہے، انہوں نے اپنی بیٹی کو 7 ماہ قبل سول جج عاصم حفیظ کے گھر ملازمت کیلئے بھیجا تھا۔پولیس نے بچی کو ملازمت پر لگوانے والے شخص کو حراست میں لے لیا، تشدد کا شکار 14 سالہ ملازمہ کی حالت تشویشناک ہوگئی، اسے سرگودھا سے لاہور کے اسپتال منتقل کردیا گیا۔سول جج عاصم حفیظ نے کہا کہ بچی دسمبر 2022 میں ہمارے پاس آئی تھی، وہ گھر واپس جانے کو تیار نہیں تھی، کہتی تھی کہ والدہ مجھے ماریں گی۔انہوں نے کہا کہ بچی سر پر اسکارف لیتی تھی اور کبھی سر کی چوٹ سے متعلق کوئی شکایت نہیں کی، جج عاصم حفیظ نے مزید کہا کہ میں تو جسمانی تشدد کے خلاف ہوں، میرے سامنے ٹارچر والا واقعہ کبھی نہیں ہوا۔اُن کا کہنا تھا کہ بچی نے گھر کے باہر گملے سے مٹی کھائی، جس کی وجہ سے چہرے پر داغ بن گیا، گوجرانوالہ کے ڈاکٹر سے 15دن پہلے ایڈوائس لی کہ بچی نے مٹی کھائی ہے اور ری ایکشن ہوگیا ہے۔اس حوالے سے ترجمان اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ تمام تر واقعے کا جائزہ لے چکے ہیں، تا حال ہمیں کارروائی کیلئے کسی نے درخواست نہیں دی، جیسے ہی درخواست موصول ہو گی ہم کارروائی شروع کر دیں گے۔