مزید خبریں

اسپتالوں کو اسلامی نظام طرز پر بنائیں گے‘ ڈاکٹر حفیظ الرحمن

 

لاہور(نمائندہ جسارت ) الخدمت فاؤنڈیشن کے تحت الخدمت کمپلیکس لاہور میں دو روزہ اسلامک ہسپتال ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔اس ورکشاپ کا مقصد الخدمت ہسپتال کے ذمہ داران کو اسلامی اصولوں اور قوانین کے مطابق تربیت دینا تھا تاکہ وہ اپنے ہسپتالوں کا نظام ان اصولوں کے مطابق چلا سکیں۔اس ورکشاپ میں الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے صدر ڈاکٹرحفیظ الرحمٰن،الخدمت ہیلتھ فاؤنڈیشن کے چیئرمین ڈاکٹر زاہد لطیف، الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے سیکر ٹری جنرل سید وقاص جعفری،اسلامک ہسپتال کے انچارج ڈاکٹر عثمان ظفر، پاکستان بھر سے الخدمت ہسپتال کے ایم ایس ڈاکٹرز، ڈائریکٹرز اور الخدمت ہیلتھ فاؤنڈیشن کے ذمہ داران نے شرکت کی۔اس موقع پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر حفیظ الرحمٰن کا کہنا تھا کہ پوری امت مسلمہ پر یہ لازم ہے کہ وہ اسلام کے بتائے ہوئے اصولوں پر زندگی گزاریں۔اسی طرح اپنے ہسپتالوں کے نظام کو اسلامی اصولوں کے مطابق بنانا ہم پر لازم ہے تاکہ اللہ ہماری شفاء کو دوگنا کر دے۔ انہوں نے مزید کہا کہ انسان کو چاہیے کہ پیشہ ورانہ زندگی میں اخلاقیات کا دامن کبھی نہ چھوڑے۔ ڈاکٹر زاہد لطیف نے اس موقع پر کہا کہ الخدمت ہیلتھ فاونڈیشن پورے ملک میں صحت کی سہولیات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ اپنے سٹاف کے لئے بھی مختلف تربیتی ورکشاپس کا انعقاد کرتی ہے۔ان ورکشاپس کا مقصد سٹاف کو تربیت دینا ہوتا ہے تاکہ عوام الناس کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں اور اسلام کے اصولوں کو بروئے کار لائیں۔ منعقدہ ورکشاپ کی تفصیلات بتاتے ہوئے ڈاکٹر زاہد لطیف نے کہا کہ ہم اپنے ہسپتال کی انتظامیہ کو اس چیز پر پابند کریں گے کہ وہ دوا ساز کمپنیاں سے لین دین بھی بالکل اسلامی قوانین کے مطابق ہی کریں۔ ڈاکٹر عثمان ظفر کا کہنا تھا کہ مریض تو آدھا تبھی تھیک ہو جاتا ہے جب ڈاکٹر اس سے اخلاق سے بات کرے۔ اس لیے ہم اپنے ڈاکٹرز کو بھی اس چیز کی تربیت دیں گے کہ مریض کیساتھ اچھے اخلاق کا مظاہرہ کریں۔انہوں نے اسلامی طریقے سے مریض کی عیادت پر بھی بات کی۔