مزید خبریں

اسلام میں ملوکیت اور شخصی حکمرانی کا تصور تک نہیں‘راشد نسیم

 

لاہور(نمائندہ جسارت)نائب امیر جماعت اسلامی راشد نسیم نے کہا ہے کہ اسلام میں ملوکیت اور شخصی حکمرانی کا تصور تک نہیں، بدقسمتی سے آج نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا میں مادی خواہشات کے پجاری حکمران ہیں، عوام کی کوئی پوچھ گچھ نہیں، لوگوں کا استحصال ہو رہا ہے، وسائل پر حکمران خاندان قابض ہیں، غریب فاقوں مر رہے ہیں۔ سید مودودی انسٹی ٹیوٹ میں شب بیداری پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ محرم کا مہینہ اسلامی تاریخ کے2 عظیم سانحات کی یاد دلاتا ہے۔ حضرت عمر فاروقؓ نے لاکھوں مربع میل پر عدل و انصاف کی حکمرانی قائم کی اور ان کی شہادت یکم محرم کو ہوئی۔ حضرت حسین ؓ نے ملوکیت کے خلاف اپنی اور اپنے خاندان کی قربانی دے کر اسلامی امت کو آئندہ کے لیے اس بیماری کے بارے میں آگاہ کر دیا جو ان کا امت پر احسانِ عظیم ہے۔پاکستان اسلام کے نام پر بنا مگر یہاں 75برس میں اسلامی معیارات کے مطابق جمہوریت اور عدل قائم نہیں ہو سکا۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ محرم کے مہینے میں خلفا راشدینؓ اور اہل بیتؓ کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ملک میں اسلام کا نظام قائم کرنے کے لیے جدوجہد کی جائے، قوم آزمائی ہوئی پارٹیوں کے بجائے جماعت اسلامی کو موقع دے تاکہ قرآن و سنت کا نظام نافذ ہو اور خوشحال، کرپشن اور سود فری اسلامی فلاحی پاکستان کی بنیاد رکھی جا سکے۔