مزید خبریں

لاوارث شہر لاہور ایک دن کی بارش میں ڈوب گیا،ضیا الدین انصاری

 

لاہور (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی لاہور ضیا الدین انصاری ایڈووکیٹ کہا کہ بلدیاتی نمائندوں سے محروم لاوارث شہر لاہور ایک دن کی بارش سے ڈوب گیا ہے جبکہ مزید آئندہ چند دنوں میں بارشوں کی پیش گوئی ہے اگر اسی صورتحال میں مزید بارشیں ہوگئی تو شہر کا نظامزید تباہ ہوجائیگا۔ مون سون بارشوں کے الرٹ کے باوجودانتظامیہ کی بدترین کارکردگی نے لاہور شہر کو ڈبودیا ہے۔ چند گھنٹوں کی بارش نے شہر کی شاہراہوں ، گلی، محلوں، سٹرکوں اور انڈرپاسز کو ندی نالوں میں تبدیل کردیا ہے۔ پہلے ہی نشیبی علاقوں کے گلی، محلے اور گھر بارش کے پانی سے بھر چکے ہیں، گٹروں میں پانی کی نکاسی نہ ہونے کی وجہ سے شہریوں کوگھروں سے پانی نکالنے میں شدید دشواری کا سامنا ہے۔بارش کے بعدمتعدد شہری علاقوں میں بجلی کانظام بھی درہم برہم ہوچکا ہے۔ سیکڑوں فیڈرز ٹرپ اورمتعدد ٹرانسفارمر جلنے سے شہر کے متعدد علاقے بجلی سے محروم ہیں۔ سٹرکوں ، گلی اور محلوں میں انتہائی بوسیدہ سیوریج کے نظام کی وجہ سے گٹر اُبل رہے ہیں۔ ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ ادارے بے بسی کی تصویر بنے بڑی گاڑیوں میں گھوم کر نمائشی اقدامات کرکے عوام چھوٹی تسلیاں دے رہے ہیں۔ ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے حالیہ بارش کے بعد شہر کی ابتر صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کیا۔امیر لاہور ضیا الدین انصاری ایڈووکیٹ نے پنجاب حکومت اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ افسران دفتروں میں بیٹھنے کے بجائے فیلڈ میں نکل کر نشیبی علاقوں میں گلی محلوں اور گھروں سے پانی نکالنے کیلیے فوری اقدامات کریں۔