مزید خبریں

جڑواں شہروں میں بھکاری مافیاز کاروپ دھارچکے

 

اسلام آباد ( نمائندہ جسارت)جڑواں شہروں راولپنڈی، اسلام آباد میں بھکاری خواتین کی تعداد میں روز بروز اضافہ ہورہا ہے ایک عوامی سروے کے دوران دیکھا گیا ہے کہ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ کوئی مافیا ہے جو ان کی پشت پناہی کر رہا ہے‘ اور انہیں گاڑیوں میں لاد کر شہر کے مختلف سیکٹرز اور چوراہوں میںبھیک مانگنے کے لیے چھوڑ دیا جاتا ہے‘ ایک گروہ ایسا بھی جو انہیں رات کے وقت مارکیٹوں میں لا کر چھوڑ دیتا ہے اور انہیں رات گئے جب ماکیٹس بند ہونا شروع ہوتی ہیں واپس لے جاتا ہے‘ اسلام آباد کا کوئی رہائشی سیکٹر اور کوئی بھی مارکیٹ ان پیشہ ور گداگروں سے محفوظ نہیں رہی ‘ دونوں شہروں کی مصروف ترین مارکیٹوں، بس اسٹاپس، ٹریفک سگنلز اور رہائشی سیکٹرز میں پیشہ وار گداگر مرد اور خواتین مختلف طریقوں سے بھیک مانگتی دکھائی دیتی ہیں جس سے شہریوں کی مشکلات میں اضافہ ہورہا ہے۔ سینکڑوں گداگر خود کو معذور ظاہر کرکے پیسے کماتی ہیں۔ ایک شہری نے بتایا کو خواتین بھکاری بہت بڑی تعداد میں راولپنڈی، اسلام آباد میں بھیک مانگتی دکھائی دیتی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ کچھ خواتین ایسی بھی ہیں جو ہمدردی حاصل کرنے کیلیے غیر معیاری اشیا بیچ کر پیسے کماتی ہیں۔ یہ بھکاری خواتین مختلف اسپتالوں کے باہر بھی نظر آتی ہیں اور صدقہ اورخیرات کے نام پر بھیک مانگتی ہیں۔ جڑواں شہروںکے شہریوں نے متعلقہ حکام سے درخواست کی ہے کہ ایسے لوگوں کی نگرانی کی جائے کیونکہ ان میں سے بہت سی بھکاری خواتین پروفیشنل ہیں اور کچھ گروہوں سے منسلک ہوکر بچوں کے اغوامیں بھی ملوث ہوسکتی ہیں۔حالیہ مہینوں میں اِن جڑواں شہروں میں اغوا کی متعدد وارداتیں ہوئی ہیں اور وارداتوں کے ملزمان اب تک پکڑے نہیں جاسکے۔