مزید خبریں

اسرائیلی فوج پر حملے میں فلسطینی شہید ، افسر شدید زخمی

مقبوضہ بیت المقدس (انٹرنیشنل ڈیسک) فلسطین کے مغربی کنارے کے وسطی شہر رام اللہ میں فدائی حملے میں ایک اسرائیلی فوجی زخمی اور حملہ آور فلسطینی شہید ہوگیا۔ خبررساں اداروں کے مطابق رانتیس کراسنگ چوکی پر صہیونی فوج نے چاقو سے حملہ کرنے کے بعد فلسطینی نوجوان کو گولی ماردی جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گیا جس کے بعد اسے اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ فلسطینی وزارت صحت نے رام اللہ کے مغرب میں واقع رانتیس فوجی چوکی کے قریب 29 سالہ مہدی سمیر محمد بیادسہ کی موت کی موت کی تصدیق کی ۔ عبرانی ویب سائٹ کے مطابق ایک اسرائیلی فوجی اس حملے کے نتیجے میں شدید زخمی ہوا ۔ دوسری جانب اسرائیل کے شمالی شہر ناصرہ کے مضافاتی علاقے میں فائرنگ کے ایک واقعے میں 5افراد ہلاک ہوگئے ۔ طبی عملہ نے بتایا کہ پانچوں افراد کو زخمی حالت میں پایا گیا ،جس کے بعد ابتدائی طبی امداد مہیا کی گئی اور تشویش ناک حالت میں اسپتال بھیج دیا گیا۔ ناصرہ میں ایک اور واقعے میں 3 سالہ بچی اور 30 سالہ شخص شدید زخمی ہوگیا۔ اسرائیل میں عرب برادریوں میں بڑھتے ہوئے تشدد پر نظر رکھنے والی تنظیم ابراہام انیشی ایٹوز(ابراہیم اقدام) کے مطابق 2023 ء میں مجرمانہ واقعات میں 97 عرب ہلاک ہو چکے ہیں۔ ان میں سے 86 کو گولی مار کر ہلاک کیا گیا تھا ۔ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے ایک بیان میں واقعے میں افسوس کا اظہا ر کیا۔ اسرائیلی حزب اختلاف کے عرب قانون سازوں نے انتہائی دائیں بازو کے قومی سلامتی کے وزیر اتمار بن گویر کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ ہداش تعال پارٹی کے سربراہ ایمن عودہ نے کہا کہ جو لوگ واقعی جرائم سے لڑنا چاہتے ہیں،انھیں بن گویر کو فوری طور پر برطرف کر دینا چاہیے۔ادھر مقبوضہ بیت المقدس کے شعفاظ کیمپ میں اسیر فلسطینی کا مکان مسمار کردیا۔ خبررساں اداروں کے مطابق محمد زلبانی 13برس سے اسرائیل جیل میں قید ہیں۔