مزید خبریں

ام المؤمنین سیدہ زینب بنت خزیمہؓ

جب نبیِ کریمؐ کو سیدہ زینب بنت خزیمہؓ کے صبر واستقامت اور ثابت قدمی کا علم ہوا اورآپ نے دیکھا کہ کوئی ان کی نگہداشت کرنے والا نہیں ہے تو آپؐ نے انہیں نکاح کا پیغام بھیجا۔ اس طرح امت کے غم گسار نبیِ مکرمؐ نے ایک اور بیوہ عورت کو سہارا دیا اور انھیں ’ام المساکین‘ کے ساتھ ساتھ ’ام المؤمنین‘ کا تاجِ عزت و رفعت پہنایا۔ یہ نکاح اوائل رمضان 3ھ میں ہوا۔ چار سو درہم مہرمقرر ہوا۔
حافظ ابو عمرو نے لکھا ہے کہ سیدہ زینب ام المومنین سیدہ میمونہ کی اخیافی بہن تھیں۔ نکاح کے وقت ساڑھے بارہ اوقیہ (پانچ سو درہم) مہر مقرر ہوا۔ اس وقت ان کی عمر تقریباً تیس سال تھی۔ طبری نے نکاح کا زمانہ رمضان 3ھ قرار دیا ہے۔
اس طرح سیدہ زینب بنت خزیمہؓ پانچویں خاتون تھیں جو ام المومنین کے عظیم مرتبے پر فائز ہو ئیں۔ اس سے پہلے سیدہ خدیجہ، سودہ بنت زمعہ، عائشہ اور حفصہؓ آپؐ کے عقدِ نکاح میں آچکی تھیں۔ سیدہ زینب بنت خزیمہ کو سیدہ عائشہ اور سیدہ حفصہؓ کی سہیلی ہونے کا بھی شرف حاصل تھا۔ ان دونوں کو یہ بھی پتا تھا کہ نبیؐ نے ان کے اور ان کے شوہر کے تقویٰ کے بنا پر ان کی دل جوئی کرنے کے لیے یہ شادی کی ہے، لہذا انہوں نے بھی خوش آمدید کہا اور ان کی برابر دل جو ئی کی۔
سیدہ زینب بنت خزیمہؓ نبی کریمؐ کی زوجیت میں کتنی مدت رہیں اور ان کی وفات کب ہوئی؟ اس میں بھی مورخین اور سیرت نگاروں کی مختلف روایات ملتی ہیں۔الاصابۃ میں ہے کہ زینب بنت خزیمہؓ نبی کریمؐ کی زوجیت میں حفصہؓ کے بعد آئیں اور دو یا تین ماہ کے بعد ان کا انتقال ہوگیا۔
ایک دوسری روایت ابن الکلبی سے ہے کہ زینب بنت خزیمہؓ کا نکا ح نبیؐ سے رمضان 3ھ میں ہوا اور وہ آپؐ کی رفاقت میں آٹھ مہینے ہیں۔ پھر ربیع الاخریٰ 4 ھ میں ان کا انتقال ہوگیا۔ شذرات الذہب میں رفاقت کی مدت تین ماہ بیان کی گئی ہے۔ عمر وفات کے وقت ان کی عمر تیس سال تھی۔
سیدہ خدیجہؓ کے بعد زینبؓ ہی کو یہ شرف حاصل ہوا کہ نبی کریمؐ کی زندگی میں ہی ان کا انتقال ہوا، جبکہ دیگر ازواج مطہّرات نے آپؐ کے بعد وفات پائی۔ نبی کریمؐ نے سیدہ زینبؓ بنت خزیمہ کی نماز جنازہ خود پڑھائی اور ان کو جنت البقیع میں دفن کیا۔ امہات المومنین میں سے سب سے پہلے انہیں کی تدفین جنت البقیع میں ہوئی۔
ام المساکین:سیدہ زینب بنت خزیمہؓ بعض معاملات میں دیگر ازدواج مطہرات سے آگے نظر آتی ہیں۔ بڑی رحم دل، منکسر المزاج، اور سخی تھیں۔ ہمہ وقت دوسروں کی مدد کے لیے تیار رہتی تھیں اور ہمیشہ اپنی ذات پر دوسروں کو ترجیح دیا کرتی تھیں۔ اگرچہ ان کا بچپن بڑے ناز و نعم میں گزرا، لیکن اس دور کی دوسری بچیوں کی بہ نسبت زینبؓ بڑی منفرد تھیں۔ بچپن ہی سے انھیں غریبوں، مسکینوں اور فاقہ مستوں کو کھانا کھلا نے کا بڑا شوق و ذوق تھا۔ جب تک وہ کسی کو کھانا نہ کھلا لیتیں انھیں سکون محسوس نہ ملتا تھا۔ ان کے باپ خزیمہ کا شمار اس زمانے کے بڑے رئیسوں میں ہوتا تھا۔ ان کے پاس کسی چیز کی کمی نہ تھی۔ باوجود اس دولت و ثروت کے سیدہ زینب بنت خزیمہؓ کے اندر بچپن ہی سے عاجزی، انکساری اور فیاضی کی صفات پائی جاتی تھیں۔ اسی وجہ سے زمانہ جاہلیت سے ہی لوگ ان کی اس صفت کی وجہ سے ان کو ’ام المساکین‘ کے لقب سے یاد کرنے لگے تھے۔
ابن ہشام لکھتے ہیں:’’سیدہ زینبؓ بنت خزیمہ کو ان کی رحم دلی اور نرمی کی وجہ سے ’ام المساکین‘ کہا جاتا تھا‘‘۔
الاستیعاب اور الاصابۃ میں ہے:’’انہیں ام المساکین کہا جاتا تھا، کیونکہ وہ مسکینوں کو کھانا کھلاتی تھیں اور انہیں صدقہ خیرات دیتی تھیں‘‘۔
طبرانی نے ابن شہاب زہری سے روایت کیا ہے کہ:
’’جب اللہ کے رسولؐ نے سیدہ زینب بنت خزیمہؓ سے نکاح فرمایا، اس وقت بھی ان کی کنیت ام المساکین تھی۔ یہ کنیت کثرت سے غرباء اور مساکین کو کھانا کھلانے کی وجہ سے مشہور تھی‘‘۔
بعض سوانح نگاروں نے ام المساکین کا لقب ایک دوسری ام المومنین زینب بنت جحشؓ سے منسوب کیا ہے، لیکن ڈاکٹر بنت الشاطی اس کی تردید کرتے ہوئے لکھتی ہیں کہ سیرت کے تمام مصادر اور قرنِ اول کی تمام تاریخی کتابوں میں اس بات پر اتفاق ہے کہ یہ سیدہ زینبؓ بنت خزیمہ کا لقب تھا۔