مزید خبریں

جیلوں میں خواتین سے بد سلوکی کو سازش کہہ کر چھپایا جارہا ہے ، عمران خان

لاہور(آن لائن/صباح نیوز ) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ جیلوں میں خواتین سے بدسلوکی کو سازش کہہ کر چھپایا جارہا ہے‘ آج پاکستان میں تماشا ہورہا ہے، جمہوریت ختم ہوگئی ،سارا ملک عدلیہ کی طرف دیکھ رہا ہے، اب تک ہمیں ایسا لگتا ہے کہ طاقتور کے سامنے عدلیہ اپنی آزادی کھو رہی ہے ،عدلیہ 9 مئی کو ہونے والے واقعات کی تحقیقات کرائے ،عدالتی احکامات نہ ماننے والوں کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے، آج کا دور مشرف کے دور سے بھی برا دور ہے، جیلوں میں ہماری خواتین کے ساتھ زیادتی ہو رہی ہے، دو تین ہفتے کے دوران تحریک انصاف کے جتنے لوگ توڑنے ہیں تو ڑ لیں لیکن الیکشن کرا دیں‘ ملک کو نقصان ہو رہا ہے۔ اتوار کو سوشل میڈیا پر خطاب میں عمران خان نے کہا کہ جمہوریت، آزادی، خوشحالی سب ساتھ چلتے ہیں لیکن انصاف ان کی بنیاد ہے ‘ قوم کی طرف سے میں عدلیہ سے اپیل کرتا ہوں کہ سارا ملک آپ کی طرف دیکھ رہا ہے‘ اب تک ہمیں ایسا لگتا ہے کہ طاقتور کے سامنے عدلیہ اپنی آزادی کھو رہی ہے ‘ ہر روز ہمارے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہو رہی ہے‘اس وقت عدلیہ کو اس وقت اسٹینڈ لینا پڑے گا ۔ عدلیہ کو چاہیے کہ سوموٹو لے کر جیلوں میں سیاسی بنیادوں پر بند خواتین کو رہا کرنے کا حکم دے‘9 مئی کو تنصیبات جلانے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جانا چاہیے۔ آج صرف پی ٹی آئی نہیں بلکہ جمہوریت کو ختم کیا جارہا ہے‘ جیلوں میں ہماری خواتین کے ساتھ زیادتی ہو رہی ہے‘ ملک میں اس وقت خوف کی فضا ہے، اس وقت ملک میں ایک تماشا ہو رہا ہے‘ ملک میں جنگل کا قانون بن گیا ہے۔ آج کا دور مشرف کے دور سے بھی برا دور ہے۔ عمران خان نے کہاکہ گزشتہ رات ساڑھے بارہ بجے رانا ثنا اللہ کی پریس کانفرنس کے بعد تحریک انصاف کی جیلوں میں بند خواتین کے حوالے سے ملنے والی اطلاعات میں کوئی شک نہیں رہ گیا۔ حکومت کو ڈر لگ رہا ہے کہ خواتین جب جیلوں سے باہر آئیں گی تو وہ سب بتائیں گی کہ ان کے ساتھ کیا ہوا۔ ہمیں جیلوں میں قید خواتین کے ساتھ ریپ کی اطلاعات بھی ملی ہیں۔عمران خان نے کہا ایسا لگتا ہے کہ جیلوں میں کچھ ایسا ہو گیا ہے جس کو چھپانے کے لیے رانا ثنا اللہ نے آدھی رات کو پریس کانفرنس کی‘ عورتوں کی عزت کرنا ہماری روایت ہی نہیں بلکہ ہمارے دین کا حصہ بھی ہے۔ موجودہ دور میں پولیس لوگوں کے گھروں کے دروازے توڑ کر اندر گھس رہی ہے اور خواتین کی بے حرمتی کر رہی ہے۔