مزید خبریں

مفت آٹے کی اسکیم پر کرپشن نے حکمرانوں کو بے نقاب کردیا ، جاوید قصوری

 

لاہور (وقائع نگار خصوصی ) امیرجماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا کہ مفت آٹے ا سکیم میں 22ارب روپے سے زائد کی کرپشن نے حکمرانوں کے بھیانک چہروں کو بے نقاب کر دیا ہے۔یہ کوئی پہلا واقعہ نہیں ہے بلکہ اس قسم متعدد واقعات ماضی میں بھی رونما ہو چکے ہیں جن میں اربوں روپے خورد برد کر لیے جاتے رہے ہیں۔غریب عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے نام پر اربوں روپے کی بوکس اسکیمیں بنائی جاتی ہیں پھر ان میں خوردبرد کر کے اپنے تجوریوں کو بھرا جاتا ہے۔ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ مفت آٹا اسکیم میں غائب ہونے والے ڈیڑھ کروڑ آٹے کے تھیلوں کی تحقیقات کر کے ذمے داران کو قوم کے سامنے لایا جائے۔ وہ لاہور میں کارکنوں کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ملک و قوم کا یہ المیہ رہا ہے کہ جو بھی بر سرا قتدار آیا اس نے لوٹ مار اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے سوا کچھ نہیں کیا۔قومی خزانے کو بے دردی سے لوٹا جاتا رہا ہے۔قوم کو سوچنا ہو گا کہ ان کرپٹ اور ظالموں سے نجات حاصل کرنے تک حقیقی قیادت میسر نہیں آسکتی۔انہوں نے کہا کہ کرپشن نے ملک کی جڑوں کو کھوکھلا کر دیا ہے۔ادارے تباہی کا منظر پیش کر رہے ہیں مگر کرپٹ افراد کی کرپشن کو روکنے والا کوئی نہیں۔نیب سمیت چیک اینڈ بیلنس بر قرار رکھنے اورانسداد بد عنوانی کے تمام ادارے ناکام اور ان کے تمام حربے بے سود دکھائی دیتے ہیں۔ آئے روزکرپشن کی داستانیں منظر عام پر آ رہی ہیں۔محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ موجودہ حالات نے قوم کو مایوسی کے اندھیروں میں دھکیل دیا ہے۔معاملات کو افہام و تفہیم کے ساتھ اورمذاکرات کے ذریعے سیاسی اختلافات کو بھلا کر آگے بڑھا جائے۔ انتقامی کارروائیوں سے ملک بہت پیچھے چلا جائے گا۔صاف و شفاف انتخابات ملکی بقا کے لیے ناگزیر ہو چکے ہیں۔ ماضی سے سبق سیکھنے کی ضرورت ہے۔