مزید خبریں

کوئی عمران خان کو ملک سے باہر بھیجنے کی جرات نہ کرے‘ جاوید لطیف

لاہور(نمائندہ جسارت)وفاقی وزیر اور مسلم لیگ ن کے رہنما جاوید لطیف کا کہنا ہے کہ کوئی عمران خان کو ملک سے باہر بھیجنے کی جرأت نہ کرے۔لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے جاویدلطیف کا کہنا تھا کہ ریاستی اداروں میں بیٹھے لوگ جو خود سیاست نہیں کرسکتے وہ سیاست کروا رہے ہیں، 9 اور 10 مئی کے واقعات کی سہولت کاری ریاستی اداروں میں بیٹھے حاضر سروس اور ریٹائر ہونے والے کچھ لوگ کر رہے تھے۔ جاویدلطیف کا کہنا تھا کہ یہ وہی کردار ہیں جنہوں نے
2017ء میں پاکستان کی تباہی کی بنیاد رکھی۔ان کا کہنا تھا کہ ارکان اسمبلی کے استعفے قبول یا مسترد کرنا اسپیکر اسمبلی کا اختیار ہے، دوسرے کسی ادارے کا نہیں، پاکستان کے ساتھ ہونے والا کھلواڑ قوم قبول نہیں کرتی۔ جاوید لطیف نے سوال اٹھایا کہ دنیا بھر کے مالیاتی ادارے پاکستان کے ساتھ ایگریمنٹ نہ کرکے کس کی سہولت کاری کر رہے ہیں؟جاوید لطیف نے کہا کہ پاکستان کے اندر سے ریاستی اداروں میں بیٹھے لوگ جو ان کے لیے سہولت کار ی کا کردار ادا کر رہے ہیں وہ بھی اب کسی سے پوشیدہ نہیں رہ گیا، ہمارے ہاتھ آئین کی رسی سے بندھے ہیں ، کہا جا رہا ہے کہ اس کو باہر بھیج دیا جائے لیکن کوئی عمران خان کو باہر بھیجنے کی جرأت نہ کرے، سیاسی قیادت کے سینوں میں بہت سے راز ہیں، اگر میری ریاست خطرے میں پڑ گئی تو میں زبان پر لگا تالا کھولوں گا، اداروں میں بیٹھے جو لوگ سیاست نہیں کر سکتے وہ سیاست کروا رہے ہیں، اداروں میں بیٹھے لوگوں کو بے نقاب نہ کیا تو لوگ اداروں پر انگلیاں اٹھائیں گے ۔ جاوید لطیف نے کہا کہ پاکستان کے باہر سے قوتیں پاکستان کے اندر مداخلت کر رہی ہیں وہ آج قوتیں کھل کر سامنے آ گئی ہیں ، کیا اس سے قبل کسی دنیا کے طاقتور ملک سے اتنی بڑی تعداد میں ممبران نے کسی کے لیے خط لکھا ہے۔