مزید خبریں

آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل:نیب نے وزیراعظم کو کلین چٹ دیدی

لاہور/اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک/صباح نیوز) قومی احتساب بیورو نے آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل میں وزیراعظم شہباز شریف کو بے گناہ قرار دے دیا۔نیب کے مطابق آشیانہ ہاؤسنگ کے ٹھیکے میں بدعنوانی کا کوئی ثبوت نہیں ملا، نہ سرکاری خزانے کو نقصان پہنچا اور نہ ہی شہباز شریف نے کوئی فوائد حاصل کیے۔شہباز شریف کے خلاف اختیارات کے ناجائز استعمال کے کوئی ثبوت نہیں ملے۔قومی احتساب بیوروکے مطابق آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل میں شہباز شریف کے خلاف بدنیتی کا کوئی پہلو بھی ثابت نہیں ہوتا۔ ریکارڈ اور شواہد سے یہ بات ثابت ہوتی ہے کہ کسی پبلک آفس ہولڈر نے کسی قسم کے کوئی فوائد حاصل نہیں کیے۔ بغیر کسی شکوک و شبہات کے یہ بات ثابت ہو رہی ہے کہ سرکاری خزانے کو نقصان نہیں ہوا۔نیب رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کامران کیانی نے بھی سرکار کے خزانے کو نقصان نہیں پہنچایا نہ فواد حسن فواد نے ٹھیکا دلوانے کے لیے کوئی رشوت لی۔ شہباز شریف نے آشیانہ کا ٹھیکا لطیف اینڈ سنز کو دینے کا معاملہ قانون کے مطابق اینٹی کرپشن کو بھجوایا تھا۔ نیب نے استدعا کی
ہے کہ احتساب عدالت لاہور قانون کے مطابق شہباز شریف کی بریت کی درخواست پر فیصلہ کر دے۔وزیراعظم شہباز شریف نے آشیانہ ہائوسنگ اسکیم کیس میں نیب کی جانب سے کلین چٹ ملنے پر شکر ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ ثابث ہوگیا کہ ہم بے گنا ہ تھے اور سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا گیا، میری زندگی کا مقصد عوام کی خدمت ہے۔
آشیانہ کیس