مزید خبریں

ہدایت الرحمن بلوچ کی ضمانت خوش آئندہ اقدام ہے ، جاوید قصوری

لاہور (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے جماعت اسلامی بلوچستان و حق دو تحریک کے رہنما مولانا ہدایت الرحمن بلوچ کی سپریم کورٹ سے ضمانت منظوری کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے گوادر کے عوام کو مبارک باد دی۔ انہوں نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کا کوئی ذاتی ایجنڈا نہیں ہے بلکہ ہم نے ہمیشہ عوام کے مسائل کی آواز کو بلند کیا ہے اور اس کی پاداش میں ہر قسم کی مشکلات کا سامنا کیا ہے۔ جماعت اسلامی عوام کی حقیقی ترجمان ہے۔مولانا ہدایت الرحمن کو 125دن بعد رہائی ملی ہے۔آئین و قانون کی بالادستی اور عوام کے حقوق کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مولانا ہدایت الرحمن کی رہائی حق و سچ کی فتح ہے۔انہوں نے قید وبند کی صعوبتوں کو صبر و استقامت اورجوانمردی سے برداشت کیا ہے۔ یہ مولاناسید ابوالاعلیٰ مودودیؒ اور جماعت اسلامی کا طرہ امتیاز ہے کہ کٹھن سے کٹھن حالات میں بھی ظالم حکمرانوں کا مقابلہ کیا اور کبھی راہ خدا سے ڈگمگائے نہیں۔ہم اپنی آخری سانس تک ظالم و جابر حکمرانوں کی ملک دشمن پالیسیوں کے خلاف پوری قوت کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں اس وقت حالات داخلی انتشار کی طر ف تیزی سے بڑھ رہے ہیں۔ انتقامی کارروائیوں کا سلسلہ بند اور حالات کو قابو میں کرنا ازحد ضروری ہو چکا ہے۔پاکستانی معیشت اور معاشرہ دونوں ہی اس بات کے متحمل نہیں ہو سکتے کہ افراتفری اور اضطراب کی کیفیت کو برقرار رکھا جائے۔ پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم کے درمیان سیاسی چپلقش کا خمیازہ ملک و قوم بھگت رہے ہیں۔محمدجاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ ملک میں انتخابی اصلاحات کے ساتھ نئے مینڈیٹ لے کر آنے والی حکومت ہی بہتری کی امید لا سکتی ہے،اس لیے فوری طور پر عام انتخابات کی طرف جانا ہو گا۔ کوئی بھی سیاسی جماعت تنہا بحرانوں سے نمبردآزما نہیں ہو سکتی۔