مزید خبریں

قومی سلامتی کمیٹی، 9مئی واقعات کے ذمے داروں کو کٹہرے میں لانے پر اتفاق

 

اسلام آباد(نمائندہ جسارت) قومی سلامتی کمیٹی نے 9 مئی واقعات کے ذمے داروں کو کٹہرے میں لانے پر اتفاق کیا ہے۔منگل کو وزیر اعظم شہباز شریف کی صدارت میں قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس ہوا جو تقریباً 4 گھنٹے تک جاری رہا۔ اجلاس میں آرمی چیف سمیت سول اور عسکری قیادت شریک ہوئی۔قومی سلامتی کمیٹی نے ملک کی مجموعی سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا۔انٹیلی جنس اداروں کے سربراہان نے شرکاء کو بریفنگ دی کہ توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ میں ملوث 5ہزار سے زائد شرپسندوں کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔شرکاء نے 9مئی کے پر تشدد واقعات کی شدید مذمت کرتے ہوئے ذمے داروں کو کٹہرے میں لانے پر اتفاق کیا۔ انٹیلی جنس کی بنیاد پر انسداد دہشت گردی کے حالیہ آپریشنز کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ فوجی اور سرکاری تنصیبات پر حملے کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں، کسی کو بھی ملک کا امن اور استحکام داؤ پر لگانے کی اجازت نہیں دیں گے۔ شہباز شریف کا کہنا تھاکہ 9 مئی کے واقعات میں ملوث گناہ گاروں کو قرار واقعی سزا ملے گی تو دوبارہ ایسا واقعہ نہیں ہوگا، جو بے گناہ ہو گا اسے کچھ نہیں کہا جائے گا، جس نے جرم کیا ہے وہ بچ نہیں سکے گا، وزیر اعظم بھی حکم دے توان واقعات کے مجرموں کونہ چھوڑا جائے۔وزیراعظم کے بقول 9 مئی کو سیاہ دن کے طور پر یاد رکھا جائے گا، جس گھر میں پاکستان کی حفاظت پر مامور سپوت تھے اسے جلایا گیا، واقعات سے ہمارے سرشرم سے جھک گئے، ایسی صورتحال پہلے کبھی نہیں دیکھی تھی، جی ایچ کیو، میانوالی ائربیس کا رخ کیا گیا، ایف سی اسکول پر تباہی کی گئی، کیا 75 سال میں ایسا واقعہ ہوا؟، ساری صورتحال کا جائزہ لینا ہو گا،جنہوں نے منصوبہ بندی کی، بلوائیوں کو اکسایا کسی رعایت کے مستحق نہیں،72 گھنٹے کے اندر گرفتار کرکے مقدمات درج کیے جائیں گے،شہباز شریف نے مزید کہا کہ پاکستان کا ازلی دشمن جو نہ کر سکا وہ ان لوگوں نے کیا۔