مزید خبریں

فیصل آباد ،جماعت اسلامی یوتھ پی پی 115ایگزیکٹو کونسل کا اجلاس

 

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی یوتھ پی پی 115ایگزیکٹو کونسل کا اجلاس ، نومنتخب زونل صدر محمدساجد،جنرل سیکرٹری برادرعلی اور4نئے منتخب ہونے والے نائب صدور کاآئندہ سیشن کے لئے حلف ،ضلعی صدر حافظ محمدنویداعوان نے نومنتخب عہدیداران سے حلف لیا۔اس موقع پر ضلعی جنرل سیکرٹری محمدفاروق اور جماعت اسلامی کے مقامی قائدین بھی موجودتھے ۔ اجلاس میںجے آئی یوتھ کی یونٹ سازی اورجماعت اسلامی کی دستک مہم بھرپور اندازمیں چلانے پرلائحہ عمل مرتب کیاگیا۔اگلے ایک ماہ میں ہریونین کونسل میں جے آئی یوتھ کایونٹ قائم کرنے کے لئے اہداف طے کیے گئے۔ اجلاس کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے ضلعی صدر حافظ محمدنویداعوان نے کہاکہ سنجیدہ لوگ جماعت اسلامی میں آنا چاہتے ہیں،ہمارے دروازے سب کیلیے کھلے ہیں، نوجوانوں کے لیے بہترین آپشن جماعت اسلامی ہے کیونکہ حقیقی معنوں میں یہ ایک جمہوری،ترقی پسند،پر امن اور نظریہ پاکستان اور اسلام سے وفا کرنے والی جماعت ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم،پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی کی سیاست پاکستان کی ترقی، خوشحالی کی سیاست نہیں ہے یہ تباہی کی سیاست ہے جس نے پاکستان کو تباہی کی دلدل میں دھکیل دیاہے۔ صد افسوس 9 مئی کو قائد اعظم محمد علی جناح ؒ کے تاریخی گھر کو جلایا گیا،ریڈیو پاکستان کی عمارت پوچھ رہی تھی کہ میرا جرم کیا تھا۔پورا ملک دنیا کے سامنے تماشا بنا رہا،ملک کی 75 سالہ تاریخ میں ایسے مناظر پہلے کبھی نہیں دیکھے،نا کہیں مرکزی حکومت نظر آئی اور نگران حکومتیں بھی تماشا ئی کا کردار ادا کرتی رہی۔انہوں نے کہا کہ کورٹ کے ا حاطے سے عمران خان کی گرفتاری پر فوری رہائی عمل میں لائی گئی لیکن جماعت اسلامی کے ذمہ دار مولانا ہدایت الرحمن بلوچ کو جنہیں کورٹ کے احاطے سے گرفتار کیا گیا تھا کو اب تک رہائی نہیں ملی عدالت جواب دے غریب آدمی کو انصاف کیوں نہیں ملتا؟انہوں نے چیف جسٹس سے مطالبہ کیا کہ ہم دو پاکستان کی بجائے ایک پاکستان چاہتے ہیں جہاں سابق وزیر اعظم سمیت ہر کسی کے لیے قانون ایک ہو۔پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جس میں سرکاری سرپرستی میں سیاسی جماعتیں سپریم کورٹ کے خلاف دھرنا دے رہی ہیں۔