مزید خبریں

سیاست میں گرفتاریاں لازم و ملزوم ہیں،پروفیسرمحبوب الزماں

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی کے ضلعی امیرپروفیسرمحبوب الزماں بٹ نے کہا ہے کہ سیاست میں گرفتاریاں لازم و ملزوم ہیں، گرفتاریوں میں سیاست دان کبھی مسلح مزاحمت نہیں کرتے، حکومتوں اور اسٹیبلشمنٹ کی زیادتیوں کا جواب سیاسی جمہوری مزاج سے دیا جاتا ہے، پاپولر سیاسی جماعتیں سیاسی جمہوری آئینی انتخابی حقوق کے حصول کی بجائے پرتشدد اور لاقانونیت کے جتھے بن رہے ہیں، سیاسی بحرانوں کا حل سیاسی مذاکرات ہی ہوتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ سیاسی محاذ آرائی سے معیشت تباہ ہوچکی ہے۔انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی ،پی ڈی ایم اور پیپلز پارٹی کی ذاتی مفادات کی سیاست نے ملک کو بستر مرگ تک پہنچا دیا، جان بوجھ کر خانہ جنگی کی سی صورت حال پیدا کی جا رہی ہے۔ حالات مزید خراب ہوئے تو ملک کی ایٹمی صلاحیت کو بھی خطرہ ہو سکتا ہے۔ اگر پاکستان کو شام اور سوڈان نہیں بنانا تو الیکشن کی طرف جانا ہو گا، موجودہ حالات میں بھی ڈائیلاگ واحد راستہ ہے جسے اختیار کر کے بہتری آ سکتی ہے، ڈائیلاگ کی ضرورت جتنی آج ہے پہلے نہ تھی۔ تمام سیاسی سٹیک ہولڈر سے اپیل کرتے ہیں کہ الیکشن کی تاریخ پر اتفاق رائے پیدا کریں اور عوام کو فیصلے کا اختیار دیں۔انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کی نااہلی کی وجہ سے ملک مکمل طور پر آئی ایم ایف کی غلامی میں چلا گیا۔آئی ایم ایف کی تابعداری کی بجائے حکمران سادگی اختیار کریں، وی آئی پی اور پروٹوکول کلچر کا خاتمہ کیا جائے، بیرون ملک دولت واپس لائی جائے، لگژری درآمدات پر پابندی عائد ہو،پٹرول کی قیمتوں میں سو روپے فی لیٹر، ادویات اور اشیا خورونوش کے نرخ کم از کم 50فیصد کم کیئے جائیں، بجلی، گیس کے میٹرو کے ماہانہ کرائے ختم کر کے ٹیرف میں بھی کمی کی جائے۔وسائل کی منصفانہ تقسیم ممکن ہو جائے اور سودی معیشت، کرپشن اور غیر ترقیاتی اخراجات ختم ہوں تو ملک کو بیرونی قرضوں کی ضرورت نہیں۔