مزید خبریں

نوجوان ہمارا قیمتی اثاثہ، و ملک و قوم کا روشن مستقبل ہیں، جاوید قصوری

لاہور (وقائع نگارخصوصی ) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ کسی بھی قوم کی تعمیر و ترقی کا دارومدار اس کی نوجوان نسل پر ہوتا ہے۔نوجوان ہمارا قیمتی اثاثہ،سرمایہ اور ملک و قوم کا روشن مستقبل ہیں۔ترقی ان اقوام کا مقدر بنتی ہے،جن کے نوجوانوں میں آگے بڑھنے کی لگن اور تڑپ ہوتی ہے۔ یہ حقیقت ہے کہ اگر نوجوانوں میں یہ شعور اجاگر ہوجائے کہ ملک کا مستقبل ان کے ہی ہاتھوں میں ہے، ان ہی کے کاندھوں پر قوم کی ترقی کا دار ومدار ہے تو ملک میں مثبت تبدیلی آتے دیر نہیں لگے گی۔ضرورت اس امر کی ہے ان با صلاحیت نوجوانوں کو جماعت اسلامی یوتھ کا صالح اور باصلاحیت پلیٹ فارم مہیا ہو۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزصوبائی دفتر منصورہ میں جے آئی یوتھ کی صوبائی ایگزیکٹو کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر رسل خان بابر، بشارت علی صدیقی، جبران بٹ اور دیگر بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا کا چھٹا سب سے زیادہ آبادی والا ملک ہے جس کی مجموعی آبادی 24 کروڑ سے زائد ہے اور نوجوان اس کی آبادی کا ایک بڑا حصہ ہیں۔ اقوام متحدہ کے ادارے برائے تعمیر و ترقی، یو این ڈی پی کے مطابق ملک میں مجموعی آبادی کا کل 64 فیصد حصہ 30 برس سے کم عمر نوجوانوں پر مشتمل ہے جبکہ ان میں 29 فیصد آبادی 15 سے 29 برس کے نوجوانوں پر مشتمل ہے۔ نوجوانوں پر مشتمل اتنی بڑی آبادی رکھنے والے ملک میں 29 فیصد نوجوان غیر تعلیم یافتہ ہیں جبکہ صرف 94 فیصد نوجوان تعلیم ادھوری چھوڑ دیتے ہیں اور 12 فیصد تعلیمی سال سے آگے تعلیم حاصل نہیں کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان بیدار اور باشعور ہو گا تبھی ملک و قوم کا مستقبل بھی محفوظ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم نوجوانوں کو معیاری تعلیم، روزگار کے بہترین مواقع اور دیگر معاشی و معاشرتی مسائل حل کرنے کی بات تو کرتی ہیں لیکن افسوس،عملا کچھ نہیں کیا گیا۔نوجوان حکمرانوں سے مایوس ہو چکے ہیں۔حکومت نے کبھی قوم بالخصوص نوجوان نسل کی ترقی و تربیت پر توجہ نہیں دی اور نہ ان کی ترجیحات کو مد نظر رکھا ہے۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ آج کے نوجوان، پاکستان کا روشن مستقبل ہیں۔ جماعت اسلامی اپنے تمام تر وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے نوجوانوں کی ترقی اور فلاح و بہبود کیلیے کوشاں ہے۔ نوجوان ہمارا ساتھ دیں ہم نوجوانوں کو مایوس نہیں کریں گے۔