مزید خبریں

ملک بھر سے کارکنان اسلام آباد پہنچیں گے، راشد سومرو

 

سکھر (نمائندہ جسارت) جمعیت علمائے اسلام سندھ کے سیکرٹری جنرل علامہ راشد محمود سومرو نے کہا ہے کہ عدالت کے پے در پے سہولت کاری کے فیصلوں سے قوم کا ججز کے فیصلوں سے اعتماد اُٹھتا جا رہا ہے، جو ملک کی سالمیت کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جے یوآئی سندھ کے ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات مولانا سمیع الحق سواتی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ علامہ راشد محمود سومرو کا جے یوآئی سندھ کے ذمہ داران اور کارکنان کے نام پیغام میں کہنا تھا کہ وہ کل اسلام آباد پہنچیں گے ، ملک بھر سے بھی کارکنان اسلام آباد پہنچیں گے ، جے یوآئی کارکنان ابھی سے نکلنے کی تیاریاں شروع کردیں، سندھ کے کارکنان کو اسلام آباد جانے کا شیڈول جاری کر دیا ۔انہوں نے کہا کہ چند ججز نے اقربا پروری اور دباؤ کی بنیاد پر کرپشن کیس میں گرفتار عمران نیازی کو رہائی دلوا کر سہولت کاری کی ہے ، 2 دن عمران نیازی کی ایماء پر ملک میں آگ و خون کی ہولی کھیلی گئی لیکن پی ٹی آئی کی بدترین ملک دشمنی پر عدلیہ نے آنکھیں موند کر اس کی رہائی کا فیصلہ دے کر ثابت کیا کہ وہ انصاف کے تقاضوں کو پورا نہیں کررہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کرپشن ، اور قومی املاک کو نذر آتش کرکے حساس تنصیبات پر حملے کروانا ، بلوائیوں کی سرپرستی کرنا ملک دشمنی ، بغاوت اور جرم نہیں تو پھر عدالت جرائم کی نئی تشریح بتلائے، عمران نیازی اقتدار کی ہوس میں ملک کی سلامتی کو داؤ پر لگا چکے ہیں تو اب سڑکوں پرفیصلہ ہوگا کہ عوام کو وطن سلامتی کتنی عزیز ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کی کال پر کل لاکھوں پاکستانی عوام جوق در جوق اسلام آباد پہنچ کر ثابت کریں گے وہ ملک کی سلامتی اور بقاء پر کمپرومائز نہیں کریں گے اور مجرموں کو بچانے کے لیے ہونے فیصلوں کو مسترد کردیں گے۔