مزید خبریں

سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں100 فیصد اضافہ کیا جائے ،ایپکا

 

فیصل آباد (نمائندہ جسارت) آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن ایپکا (شہید ساقی) کے ڈویژنل صدر چوہدری شہباز احمد چٹھہ، جنرل سیکرٹری محسن رندھاوا، سرپرست امجد حسین رندھاوا، ڈویژنل چیئرمین فیصل ہندل اوردیگر عہدیداران نے وزیراعظم شہباز شریف سے اپیل کی ہے کہ مختلف سرکاری محکمہ جات کے عارضی،متنازع اور امتیازی الائو نسز ختم کر کے تمام سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشنز میں 100 فیصد اضافہ کیا جائے۔ بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 100 فیصد اضافہ نہ کیا گیاتو ملازمین کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑ جائیں گے اور ایپکا مطالبات کی منظوری کے لیے سخت احتجاجی حکمت عملی ترتیب دے گی۔ چوہدری شہبازاحمدچٹھہ نے کہا کہ اس وقت سرکاری ملازمین گونا گوں مسائل سے دوچار ہیں، مہنگی کے باعث ملازم پیشہ طبقہ سخت پریشانی سے دوچار ہے، بجٹ میں مہنگائی کے تناسب کو مد نظررکھتے ہوئے ملازمین کی تنخواہوں میں 100 فیصد اضافہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ایپکا کی جانب سے تنخواہوں میں اضافے کے لیے پریس کانفرنسوںاور بجٹ تک احتجاج کیے جائیں گے، اگر بجٹ میں تنخواہوں میں اضافہ نہ کیا گیا تو پارلیمنٹ ہائوس کا گھیرائو کیا جائے گا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ تمام سرکاری ملازمین کو ہائیکورٹ، صوبائی اسمبلی،گورنر ہائوس اور سیکرٹریٹ ملازمین کے برابر تنخواہیں دی جائیں، ٹیکنیکل اسٹاف کو اپ گریڈ اور ٹیکنیکل ٹائم اسکیل ، تمام ملازمین کو اعزازیہ دیا جائے۔ انہوں نے اُمید ظاہرکی کہ حکومت ملازمین کی تنخواہوں میں 100فیصد اضافہ کرے گی۔ انہوںنے کہا کہ ایپکا ملک گیر تنظیم ہے جو پورے ملک میں سرکاری ملازمین کے حقوق کے لیے کوشاں ہے اور اس موقع پر جبکہ بجٹ قریب ہے حکومت کو سرکاری ملازمین کے مسائل سے آگاہ اور تنخواہوں میں اضافہ کے لیے کو شش کر رہے ہیں۔