مزید خبریں

تھیلیسیمیا کیئر سینٹر کا قیام وقت کی ضرورت ہے، امتیاز ابڑو

سجاول (نمائندہ جسارت) ڈپٹی کمشنر امتیاز علی ابڑو نے کہا ہے کہ سجاول میں تھیلیسیمیا کیئر سینٹر کا قیام وقت کی ضرورت ہے، ضلعی انتظامیہ عوام کو صحت کی بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے ہر وقت کوشاں ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تھیلیسیمیا کیئر سینٹر کے قیام سے متعلق اہم اجلاس میں کیا، اجلاس میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسر ڈاکٹر احمد علی سمیجو، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسر ڈاکٹر انور احمد، ایم ایس سجاول ڈاکٹر بارو مل، ٹی ایچ او شاہبندر ڈاکٹر جعفر عالمانی و دیگر افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ تھیلیسیمیا سینٹر کے قیام سے تھیلیسیمیا میں مبتلا بچوں کو اپنے ہی علاقے میں بروقت علاج کی سہولیات فراہم کرکے انہیں مشکلات سے بچایا جا سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں بلڈنگ کی تعمیر کے لیے جلد ہی پلاٹ بھی مختص کیا جائے گا تاکہ سینٹر کے قیام کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے محکمہ صحت کے افسران کو ہدایت کی کہ تھلیسمیا سینٹر کے قیام کے لیے درکار آلات اور دیگر ضروری اشیاء کی تحریری فہرست پیش کی جائے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ بلڈنگ کی تعمیر سمیت آلات و دیگر ضروری اشیاء کی فراہمی کے لیے اعلیٰ حکام کو لکھا جائے گا تاکہ اس خطرناک بیماری میں مبتلا پھول جیسے بچوں کا بروقت علاج کرکے ان کی قیمتی جانوں کے ضیاع کو روکا جا سکے۔