مزید خبریں

نوجوان ملک کاہراول دستہ ہیں، حافظ محمد نوید اعوان

فیصل آباد (نمائندہ جسارت) جماعت اسلامی یوتھ کے ضلعی صدر حافظ محمدنویداعوان نے کہا ہے کہ نوجوان ملک کاہراول دستہ ہیں، اب تک کی حکومتوں نے نوجوانوںکے مسائل کے حل کے لیے کوئی کام نہیں کیا، ن لیگ،پیپلزپارٹی ،پی ٹی آئی سمیت اقتدار میں رہنے والی سیاسی جماعتوں نے نوجوانوں کے لیے مسائل ہی پیداکیے ہیں،نوجوان آئندہ الیکشن میں جماعت اسلامی کے اُمیدواروں کو ووٹ دیں تاکہ محب وطن ،بے داغ قیادت اقتدارمیں ملکی مسائل کے ساتھ ساتھ نوجوانوں کے مسائل بھی حل کر سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی پی 106 ڈجکوٹ میں جماعت اسلامی یوتھ کے جنرل اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ضلعی جنرل سیکرٹری محمد فاروق، زونل امیر و اُمیدوار پی پی 106عمیر مختار، زونل صدر جے آئی یوتھ حسیب خالد، محمد یاسر کھار ایڈووکیٹ، ڈاکٹر محمد خالد اور دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔ اجلاس میں زونل جنرل سیکرٹری کا بھی تقرر کیا گیا اور محمد ارسلان سے بطور جنرل سیکرٹری کاحلف لیا گیا۔ ن لیگ کو خیرآباد کہہ کرجماعت اسلامی میں شمولیت اختیارکرنے والے محمد شہباز کو زون کا نائب صدر مقرر کیا گیا۔ ذمہ داران نے دونوں نوجوانوںکو جماعت اسلامی میں شمولیت پر خوش آمدید کہا کہ اور ان کے لیے استقامت کی دُعا کی۔ حافظ محمد نوید اعوان نے کہاکہ اسلام آباد سازشوں کا گڑھ بن گیا، ملک تیزی سے انارکی کی جانب بڑھ رہا ہے، عوام کو فیصلے کا اختیار نہ دیا گیا تو موجودہ لڑائی گلی کوچوںمیں پھیل جائے گی، یوں دکھائی دیتا ہے کہ پی ڈی ایم، پی ٹی آئی اور ان کے سرپرستوں نے ایٹمی اسلامی پاور کو خدانخواستہ سوڈان بنانے کا راستہ اختیار کر لیا ہے۔