مزید خبریں

بے بنیاد الزام پر ہدایت الرحمن بلوچ کو ضمانت سے محروم کیا جارہا ہے، محبوب الزماں

 

فیصل آباد (نمائندہ جسارت) جماعت اسلامی کے ضلعی امیرپروفیسرمحبوب الزماں بٹ نے کہاہے کہ ایک طرف عدالتیں ہائی پروفائل کیسز میںصرف عدالتی احاطہ سے گرفتاری کو جواز بناکر رہائی کے لیے آرڈر جاری کررہی ہیں تو دوسری جانب غریب ماہی گیروں کے آئینی حقوق کے لیے پرامن سیاسی جدوجہد کرنے والے ’’حق دو گوادر تحریک‘‘ کے رہنما ہدایت الرحمن بلوچ کی احاطہ عدالت سے گرفتاری پر عدالتوں کے کان پر جوں نہیں رینگ رہی۔ گوادر کے ماہی گیروں کے حقوق کی بات کرنے والا ایک ماہی گیر کا بیٹا ہدایت الرحمن بلوچ گزشتہ 4 ماہ سے بلاجواز پابند سلاسل ہے۔ جھوٹے اور بے بنیاد الزام پر پابند سلاسل کرکے ہدایت الرحمن بلوچ کو ضمانت کے حق سے محروم کیا جارہا ہے۔ ہدایت الرحمن بلوچ کو بلاجواز پابند سلاسل رکھنا بنیادی انسانی اور جمہوری حقوق کی خلاف ورزی، صریحاً ظلم اور ریاستی جبر ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ ریاستی ظلم اور لاپروائی کے شکار بلوچستان کے عوام کے زخموں پر مرہم رکھنے اور انہیں ریلیف دینے کی بجائے اعلیٰ عدلیہ میں اس کی رٹ پٹیشن تک نہیں سنی جارہی۔عدلیہ کا یہ دوہرا معیار نظام عدل پر سوالیہ نشان ہے؟ عدالت عظمیٰ سے توقع رکھتے ہیں کہ وہ میرٹ پر اس کیس کو سنے گی اورہدایت الرحمن بلوچ کو اس بے بنیاد کیس میں ضمانت کا حق دے کر گوادر کے عوام اورماہی گیروں کے ساتھ بلوچستان صوبائی حکومت کے تحریری معاہدے پر عملدرآمد کے حوالے سے صوبائی حکومت، انتظامیہ اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کو واضح احکامات جاری کرے گی۔