مزید خبریں

ملکی حالات تشویشناک ، یہ وقت سیاست نہیں ملک بچانے کا ہے ، جاوید قصوری

لاہور (وقائع نگار خصوصی)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ ملکی حالات تشویشناک ہیں، پر تشدد کارروائیوں سے مزید سنگین ہو جائیں گے۔ سیاسی جماعتیں انتشار اور جلاؤ گھیراؤ کے بجائے پر امن اور جمہوری طریقہ کار اختیار کریں، ملکی سلامتی کے لئے داخلی مسائل کا حل فوری نکالنا ہوگا۔گرفتاریاں قابل مذمت ہیں۔ حکومت ہوش کے ناخن لے۔یہ وقت سیاست نہیں بلکہ ملک بچانا کا ہے۔ چند شرپسند عناصر دشمنوں کا کام آسان کر رہے ہیں۔ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف تقریبا ت سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ملک میں قانون کی بالادستی چاہتی ہے،اس کے لیے ضروری ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں قانون کا احترام کریں۔ ہنگامہ آرائی کے باعث اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ داروں کے اربوں روپے ڈوب چکے ہیں ایک ہی روز میں ڈالر کی قیمت میں 5روپے سے زائد کا اضافہ ہوا جس سے ڈالر ملک کی تاریخ کی بلند ترین سطح 297پر پہنچ گیا ہے۔معاشی صورتحال گھمبیر ہو چکی ہے۔مہنگائی، بے روزگاری اور لاقانیت نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔افہام و تفہیم کا مظاہرہ کرنا ہو گا۔ پوری دنیا کی نظریں پاکستان پر مرکوز ہو چکی ہیں۔محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ پاکستان کو اندر سے کمزور کرنے کی سازش کی جا رہی ہے۔ اگر بروقت اس کا تدارک نہ کیا گیا تو سلامتی کو شدید خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔سب کو ذمے دارانہ طرز عمل کا مظاہرہ کرنا ہو گا۔سیاسی معاملات سیاسی انداز میں ہی حل ہونے چاہییں۔سیاست دانوں کے غیر سنجیدہ رویہ غیر جمہوری قوتوں کی راہ ہموار کر سکتا ہے۔