مزید خبریں

گیس میٹروں کا کرایہ بڑھانے کی مذمت کرتے ہیں،پروفیسرمحبوب الزماں

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں گیس میٹروں کے ماہانہ کرایہ کو 40 روپے سے بڑھا کر 516 روپے کرنے کے حکومتی اقدام کے خلاف اپیل دائر کردی ۔ضلعی امیرپروفیسر محبوب الزماں کے مطابق سراج الحق نے حکومتی اقدام کو چیلنج کرتے ہوئے اپنی درخواست میں مؤقف اپنایا ہے کہ سوئی ناردرن اور سوئی سدرن کمپنیوں کی جانب سے ایک کروڑ15 لاکھ سے زائدگھریلو صارفین پر گیس میٹر کرایہ کی مد میں ماہانہ میٹر رینٹ40 روپے سے بڑھا کر 516 روپے کردیاہے۔ میٹر کرایہ سے دونوں گیس تقسیم کار کمپنیاں ہرماہ سوا 5 ارب صارفین کی جیبوں سے نکالیں گی جو پہلے ہی مہنگائی سے تباہ حال عوام پر اضافی بوجھ بنے گا۔ دنیا کے کسی ملک میں بھی عوام کی جیبوں پر اس طرح ڈاکہ نہیں ڈالا جاتا۔ کوئی صارف گیس استعمال بھی نہیں کرتا یا اس کا میٹر خراب ہے تب بھی وہ ہر ماہ 516 روپے دینے کا پابند ہے۔ گیس اور بجلی کا میٹر لگوانے کے وقت صارف سے اس کی قیمت وصول کر لی جاتی ہے، جب ایک شہری ایک بار میٹر خرید لیتا ہے تو وہ پھر ہر مہینے اس کا کرایہ کیوں ادا کرے۔ یہ فیصلہ صارفین کے بنیادی حق اور آئین و قانون کی مکمل خلاف ورزی ہے لہٰذا عدالت اسے فوری طور پر ختم کرنے کے احکامات جاری کرے۔انہوںنے کہا کہ جماعت اسلامی عوام کے حقوق کے لیے عدالت میں گئی ہے، ہم حکومت کو مجبور کریں گے کہ گیس صارفین کا استحصال بند کرے اور اس کے لیے عدالتوںکے علاوہ پرامن احتجاج کا راستہ بھی اپنائیں گے۔ ایک طرف مہنگائی، بے امنی اور بے روزگاری ہے اور دوسری جانب حکومت نے صارفین کی جیبوں پر سالانہ 65 ارب سے زائد کا ڈاکہ ڈالا ہے جسے جماعت اسلامی مسترد کرتی ہے۔