مزید خبریں

گیس کے میٹر رینٹ میں اضافہ قابل مذمت ہے ،پروفیسرمحبوب الزماں

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی کے رہنمائوںپروفیسرمحبوب الزماں بٹ ، میاںطاہرایوب،شیخ محمدمشتاق نے سوئی گیس کا میٹر رینٹ 40روپے سے 500 روپے کرنے اور جنوری 2023سے گیس بلوں میں 112فیصد تک اضافہ کر کے بلوں میں اضافی رقوم شامل کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے مہنگائی کے مارے عوام پر ڈرون حملہ قراردیتے ہوئے اسے فوری واپس لینے کا مطالبہ کیاہے۔جماعت اسلامی کے راہنمائوں نے کہا کہ اتحادی حکومت نے جنوری 2023ء سے گیس بلوں میں 112فیصد تک اضافہ کردیا ہے جو صارفین کوآئندہ چارماہ قسطوں میں اداکرناپڑے گا۔ اتحادی حکومت پاکستان کی تاریخ کی ناکام ترین حکومت بن چکی ہے ۔حکمران اگرعوام کو ریلیف نہیں دے سکتے تو تکلیف بھی نہ دیں۔ عوام کو تکلیف پہنچانے والے عوامی غیظ وغضب سے بچ نہیں سکیں گے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت آئی ایم ایف کے سامنے مکمل سرنڈر ہو گئی ہے، قوم بند کمروں میں ہونے والے فیصلے قبول نہیں کرے گی۔ پیٹرول، بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کے خلاف لانگ مارچ کرنے والے موجودہ حکمران حکومت میں آکر عوام پر مہنگائی کے کوڑے برسا رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان کی نصف سے زائد آبادی بے روزگاہو چکی ہے، ملک کی دوتہائی آبادی سطح غربت سے نیچے زندگی گزار نے پر مجبور ہے۔ 20ہزار اوسطاً تنخواہ لینے والے شخص کا گھر کا بنیادی خرچہ 60 ہزاروپے سے تجاوز کر چکا ہے ۔ لوگوں کو دو وقت کی باعزت روٹی کمانے کے لیے بھی جان کے لالے پڑے ہوئے ہیں،یوٹیلیٹی بلز عوام کے لئے موت کے پرزے بن گئے ہیں،حکومت اور پی ٹی آئی ایک دوسرے سے نمٹنے کی حکمت عملیاں بنانے کی بجائے عوامی مسائل کو سنجیدگی سے لے ۔انہوں نے حکومت سے میٹر رینٹ اور بلوں میں اضافہ فوری طورپر واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔