مزید خبریں

روزہ ایمان میں اضافے کا سبب اور جسم کو امراض سے محفوظ رکھتا ہے

لاہور (رپورٹ: حامد ریاض ڈوگر)روزہ رکھنے سے انسان کو کینسر جیسے موذی مرض کے جراثیم سے تحفظ حاصل ہوتا ہے، انسانی جسم کے اعضاء کو آرام ملتا ہے معدہ درست ہوتا ہے اور روزوں کے بعد انسان مستعد اور تندرست محسوس کرتا ہے، جسم کی زائد چربی پگھلتی ہے اور دوسروں کی بھوک پیاس کا احساس پیدا ہوتا ہے ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر یٰسین انصاری، جماعت اسلامی ضلع شرقی لاہور کے امیر ڈاکٹر محمود احمد اور پنجاب اسمبلی کے حلقہ 154 سے امیدوار میجر (ر) افتخار احمد اعوان نے ’’جسارت‘‘ کے اس سوال کے جواب میں کیا کہ روزے کے جسمانی فوائد کیا ہیں؟ ڈاکٹر یٰسین انصاری نے ’جسارت‘ کے رابطہ کرنے پر بتایا کہ جاپان کے نوبل انعام یافتہ سائنس دان نے تحقیق کے بعد یہ ثابت کیا ہے کہ کم و بیش ایک ماہ تک روزہ کے وقت کے مساوی وقت تک فاقہ کیا جائے اور کھانے پینے سے پرہیز کیا جائے تو اس کے نتیجے میں انسانی جسم میں پرورش پانے والے کینسر سیلز ختم ہو جاتے ہیں اور اس موذی مرض سے انسان کو تحفظ حاصل ہو جاتا ہے، روزہ رکھنے سے پورے انسانی جسم کو آرام ملتا ہے زائد خوراک سے جمع شدہ چربی پگھل کر گلوکوز کی شکل اختیار کر لیتی ہے اور جزو بدن بنتی ہے اس طرح روزہ دار کو اضافی جسمانی بوجھ سے نجات مل جاتی ہے اس کے علاوہ روزہ رکھنے سے انسان کو دوسروں کی بھوک پیاس کا احساس ہوتا ہے اور اس میں اپنے ارد گرد موجود انسانوں اور دوسرے جان داروں کی مدد کا جذبہ پیدا ہوتا ہے۔ جماعت اسلامی ضلع شرقی لاہور کے امیر ڈاکٹر محموداحمد نے ’جسارت‘ کے استفسار پر بتایا کہ روزہ رکھنے سے انسان کو بہت سے جسمانی فوائد حاصل ہوتے ہیں انسان کا معدہ درست ہوتا ہے جسم تندرست، توانا اور فعال رہتا ہے اس طرح روزہ انسان کو سستی و کاہلی سے بچا کر مستعد بناتا ہے اور اس میں دوسروں کے لیے جذبہ ہمدردی پیدا کرتا ہے۔ پنجاب اسمبلی کے حلقہ 154 سے امیدوار میجر (ر) افتخار احمد اعوان نے ’جسارت‘ کے سوال پر بتایا کہ جسم میں کینسر جیسا جان لیوا مرض پیدا کرنے والے جراثیم روزہ رکھنے سے ختم ہو جاتے ہیں اسی طرح بہت سے دوسرے تکلیف دہ امراض سے بھی روزہ رکھنے والا انسان بڑی حد تک محفوظ ہو جاتا ہے کیونکہ روزہ رکھنے سے معدے اور دوسرے اعضا کو آرام ملتا ہے اور ان کے لیے معمول کا کام کرنا اور بیماریوں کا مقابلہ کرنا آسان ہو جاتا ہے۔ رسول اکرمؐ کی دوسری سنتوں کی طرح یہ سنت بھی انسانی جسم کے لیے بے حد مفید ہے کہ آپؐ ہفتے میں عموماً دو روزے رکھتے تھے روزے سے جسم کو فاسد اور فالتو مادوں سے نجات ملتی ہے جو انسانی جسم کو بیماریوں سے محفوظ رکھنے کا باعث ہے۔