مزید خبریں

بلاول سن لیں ، کراچی میں میئر جماعت اسلامی ہی کا ہوگا ، حافظ نعیم الرحمن

کراچی (اسٹاف رپورٹر)امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلال زرداری سن لیں کراچی میں میئر صرف جماعت اسلامی کا ہی ہوگا ، جعل سازی اور دھاندلی سے چھینی گئی نشستیں بہر صورت واپس لیں گے اور عوام کے ایک ایک ووٹ کا تحفظ کریں گے ،اہلیان اورنگی نے جماعت اسلامی کے امیدواروں کو بھرپورووٹ دے کر کامیاب کیا ہے ، جماعت اسلامی کے امیدواروں کے پاس فارم 11اور12 موجود ہیں لیکن پیپلزپارٹی نے رشوت خور ڈی آراوز کے ذریعے نتائج تبدیل کرائے،یہ جعل سازی ہم کسی صورت قبول نہیں کریں گے اور پیپلزپارٹی کے ناپاک عزائم کو کسی صورت پورا نہیں ہونے دیں گے۔ مومن آباد ٹاؤن کے عوام ملتوی شدہ انتخابات میں بھرپور ووٹ دیں ووٹ کا تحفظ بھی کریںاور فارم 11اور12حاصل کیے بغیر آراواور ڈی آراوز کو پولنگ بوتھ سے نکلنے نہ دیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی ضلع غربی کے تحت مومن آباد ٹاؤن مسلم آباد یوسی 8میں جلسہ عام و دعوت افطار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے ڈپٹی سیکرٹری کراچی عبد الرزاق خان ،امیر جماعت اسلامی ضلع غربی مولانا مدثر حسین انصاری ، سیکرٹری ضلع غربی عبد الحنان ،نائب امراء حمید اللہ خان ایڈووکیٹ ،خالد زمان ،نامزد امیدوارچیئرمین عزیز خان،وائس چیئرمین برادر جان ودیگر نے بھی خطاب کیا ۔قبل ازیں حافظ نعیم الرحمن نے مومن آباد ٹاؤن یوسی 8میں سستے تندور کا افتتاح بھی کیا ۔حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ پیپلزپارٹی نے الیکشن کمیشن کے ساتھ مل کر نتیجہ بدلنے کی کوشش کی اور دوبارہ گنتی کے نام پر جعل سازی کی ہم نے اسلام آباد ہائی کورٹ سے حکم امتناع لیا ہے ،جتنی بھی نشستیں جعل سازی سے چھینی گئیں ہیں ساری واپس لیں گے، خالی نشستوں کے انتخابات میں بھی جماعت اسلامی بھرپور کامیابی حاصل کرے گی ،ہم واضح کردینا چاہتے ہیں کہ اگر پیپلزپارٹی کی اکثریت جائز طریقے سے ہوتی تو ہم ان کی اکثریت کو تسلیم کرتے لیکن جعل سازی اور فراڈ کے ذریعے سے حاصل کی گئی جیت کو کسی صورت قبول نہیں کریں گے ،پیپلزپارٹی کے ساتھ اسٹیبلشمنٹ ،ڈپٹی کمشنر ، آراو ز اور ڈی آراوز تو موجود ہیں لیکن کراچی کے عوام موجود نہیں ہیں ، 18اپریل کو ملتوی شدہ بلدیاتی انتخابات میں پیپلزپارٹی کی کرپشن اور لوٹ مار کا انتقام لیں گے ،پیپلزپارٹی نے صوبے کے ٹیکسوں کے پیسوں کو لوٹا ہے ، غریب ہاریوں کا استحصال کر کے اسمبلیوں میں جگہ بنائی ،دیہاتوں کو وڈیروں کی اوطاق بنادیا اور اب کراچی کو بھی وڈیروں اور جاگیرداروں کی اوطاق بنانا چاہتے ہیں ،کراچی کے عوام کراچی شہر کو وڈیروں اور جاگیرداروں کی اوطاق نہیں بننے دیں گے ۔مولانا مدثر حسین انصاری نے کہاکہ پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم کی ملی بھگت سے کراچی تباہ و برباد ہوگیا ہے ،اب ایک مرتبہ پھر پیپلزپارٹی نے آراو ز اور ڈی آراوز کے ساتھ مل کر عوامی مینڈیٹ پر قبضہ کیا ہے ،جماعت اسلامی چھینی ہوئی نشستوں اور ایک ایک ووٹ کا تحفظ کرے گی ،مومن آبادٹاؤن کے علاقہ مکین 18اپریل کو جماعت اسلامی کے نامزد امیدواروں چیئرمین اور وائس چیئرمین کو ووٹ دے کر کامیاب بنائیں یہی امیدوار حافظ نعیم الرحمن کو ووٹ دے کر کراچی کا میئر بنائیں گے ۔