مزید خبریں

رمضان المبارک میں ضرورت مندوں کاخاص خیال رکھا جائے

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی کے ضلعی امیرپروفیسرمحبوب الزماں بٹ نے کہا ہے کہ رمضان المبارک اللہ تعالی کی رحمتیں ،برکتیں اور مغفرتیں سمیٹنے اور اللہ کے بندوں کے ساتھ ہمدردی اور غم خواری سے پیش آنے کا مہینہ ہے، رمضان المبارک ہر مسلمان کو یہ پیغام دیتا ہے کہ اپنے گردونواح میں ضرورت مندوں کے ساتھ خیر خواہی اور غم خواری کا رویہ اور برتائو کریں ۔ ضروریات زندگی سے محروم اپنے بھائی بہنوں کے لیے ایثار اور قربانی کا مظاہرہ کریں۔انہوں نے کہا کہ ہمارا معاشرہ دکھوں اور غموں سے بھر ا ہوا ہے ۔ ہزاروںگھرانے ایسے ہیں جن میں بچوں تک کو پیٹ بھر کر کھانا میسر نہیں ہے ۔ غربت کی وجہ سے جوان بیٹیاں اپنی شادیوں کا انتظار کررہی ہیں ۔ ملک کی بڑی آبادی کو پینے کا صاف پانی تک میسر نہیں ہے ۔رمضان المبار ک ہمیں ان لوگوں کے قریب آنے اور ان کی خدمت کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک خود کو قرآن سے جوڑ نے اور تعلق پیدا کرنے کا مہینہ ہے ۔ انفرادی اور اجتماعی دائروں میں ہماری کامیابی اور ترقی کی ضمانت اس میں مضمر ہے کہ ہم رمضان اور قرآن کے پیغام اور تعلق کو سمجھیں اور اسے ایک تحریک کی صورت میں آگے بڑھائیں ۔آج ہمارے معاشرے میں جو فساد اور بگاڑ موجود ہے، یہ دین سے دوری اور قرآن کے احکامات پر عمل نہ کر نے کی وجہ سے ہی ہے ۔قرآن کی تعلیمات اگر عام ہونگی تو منکرات خودبخود ختم ہوں گی اور نیکیاں پھیلیں گی اور اگر ایسا نہیں ہو گا تو کرپشن اور رشوت عام ہو گی ۔اس لیے ضروری ہے کہ ہم رمضان المبارک اور قرآن کے تعلق اور پیغام کو سمجھیں ، اسے عام کریں اور رمضان اور قرآن کی فضا اور پیغام کو اپنے کلچر کا حصہ بنائیں ۔دین کوقائم کر نے کی جدو جہد کریں۔