مزید خبریں

سحرو افطار میں بجلی و گیس کی لوڈشیڈنگ قابل مذمت ہے ، نوید اعوان

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی یوتھ کے ضلعی صدر حافظ محمدنویداعوان نے شہر بھر میں سحر وافطار کے دوران بجلی وگیس کی بندش پر گہری تشویش کا اظہارِ کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ سحر و افطار کے دوران گیس اور بجلی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔مہنگائی کے خاتمے سے لیکر ماہ صیام میں روزے داروں کے لیے بجلی و گیس کی بلا تعطل فراہمی تک پی ڈی ایم حکومت جھوٹ کی فیکٹری ثابت ہوئی ہے۔جماعت اسلامی یوتھ کے صدر حافظ محمدنویداعوان نے کہا کہ حکومتی بلند وبانگ دعوئوں کے برعکس سحر وافطار اور تراویح کے دوران بجلی و گیس کی بندش سے روزے دار سخت اذیت سے دوچار ہوجاتے ہیں۔مہنگائی کے طوفان کی وجہ سے غریب آدمی ایل پی جی کے استعمال یا تندور سے روٹی خریدنے کی سکت نہیں رکھتا اس لیے گیس و بجلی کے بحران کی وجہ سے وہ دہرے عذاب میں مبتلا ہو جاتا ہے۔ حکومت اس سنگین صورتحال کا نوٹس اور روزے داروں کی مزید بد دعائیں لینے کے بجائے شہریوں کے لیے سحر وافطار اور نماز تراویح کے دوران بجلی و گیس کی فراہمی کو یقینی بنانے کے سنجیدہ اقدامات کرے۔مزیدبراں انہوں نے کہاکہ حکو مت نے رمضان المبار ک کے با بر کت مہینے میں بھی عوام کو لوٹنا نہیں چھوڑا رمضان سستے بازار کے نام پر عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکی جا رہی ہے، رمضان سستے بازار محض دھوکا ہے، یہ صرف اشتہار اور بورڈ کی حد تک سستا بازار ہے، اس طر ح کے نمائشی اقدامات سے حکو مت شہریوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچا رہی ہے، شہریوں کو غیر معیاری آٹا اور سامان فرو خت کیا جا رہا ہے،عام مارکیٹ اور اس بازار کے ریٹس میں کوئی واضح فرق نہیں ہے، انھوں نے کہا سبزی اور پھل ماہ رمضان کی بنیادی ضرورت ہے جو کثرت سے استعمال ہوتے ہیں انکو سبسڈی کے تحت سستا کیا جانا چاہیے تھا، عوام کو اس مقدس مہینے میں ریلیف دینا چاہیے تھا تاکہ ان پر مہنگائی کا بوجھ کم سے کم پڑتا، مگر افسوس سے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ یہ نام نہاد رمضان سستا بازار محض عوام کو لوٹنے کے لیے بنایا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہاں غریب کا جینا دشوار ہو چکا وہ سحری اور افطاری سے قاصر ہے،جبکہ حکمرانوں کے اقتدار کی رسہ کشی جاری ہے، جوایوانوں میں اپنے مفادات کا دنگل سجائے بیٹھے ہیں۔