مزید خبریں

آلودگی عالمی مسئلہ،درخت لگاکر بچا جاسکتا ہے،تیمور تالپور

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری اور بریتھ گرین حیدرآباد کے اشتراک سے بلدیہ پولیس اسٹیشن سی آئی سینٹر روڈ پر200 درخت لگانے کی پلانٹیشن ڈرائیو کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر وزیر برائے محکمہ جنگلات حکومت سندھ نوابزادہ محمد تیمورتالپور نے کہا کہ آلودگی صوبائی یا قومی مسئلہ نہیں بلکہ عالمی مسئلہ ہے، ماحول دوست وسائل کا استعمال کر کے ہی ہم ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات سے بچ سکتے ہیں اور درخت لگا کر آنے والی نسلوں کے لیے آلودگی سے پاک ماحول بنا سکتے ہیں۔ اُنہوں نے حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کی کاوشوں کو سراہا اور ان کے اِس اقدام کو ذمے دار شہری ہونے کا ثبوت قرار دیا۔ صدر چیمبر محمد فاروق شیخانی نے کہا کہ بریتھ گرین حیدرآباد کا شہر میں ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے درختوں کو لگانے کی سرگرمی قابل تعریف ہے۔ حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری آنے والی نسلوں کے لیے اس نیک کام میں ہمیشہ بڑھ چڑھ کر حصہ لے گی۔ اس موقع پر بریتھ گرین حیدرآباد کے سی ای او نور محمد روجانی نے کہا کہ ان کا مقصد آنے والی نسلوں کے لیے ماحول کو محفوظ بنانا ہے وہ حیدرآباد شہر میں پلانٹیشن ڈرائیو کے زریعے ماحولیاتی تبدیلی سے ہونے والے نقصانات کا ازالہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے 200 درخت لگانے پر حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کا نہ صرف شکریہ ادا کیا بلکہ چیمبر کی آنے والی نسلوں کے لیے اِس کاوش کو خراج تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر سینئر نائب صدر محمد عارف میمن، نائب صدر ڈاکٹر محمد اسماعیل فاروق نامی، سابق صدور محمد الطاف میمن، سلیم الدین قریشی، دولت رام لوہانہ، اراکین ایگزیکٹیو کمیٹی محمد ادریس میمن، محمد فہد میاں، محمد یاسین خلجی، ڈاکٹر عبدالجبار راجپوت، وسیم احمد قریشی، کشور کمار بھاٹیا، کنوینرز سب کمیٹیز چودھری محمد اسلم، محمد نعیم شیخ ودیگر نے چیمبر کی جانب سے درخت لگانے میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔