مزید خبریں

کار سرکار میں مداخلت ،جلائو گھیرائو،شاہ محمودکی ضمانت منظور

اسلام آباد(آن لائن)انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد نے کار سرکار میں مداخلت جلاؤ گھیراؤ اور احتجاج پر شاہ محمود قریشی کی تھانہ کھنہ میں درج دو مقدمات میں دس اپریل تک عبوری ضمانت منظور کر لی، کیس کی سماعت انسداد دہشت گردی عدالت کے جج راجاجواد عباس حسن نے کی ۔شاہ محمود قریشی اپنے وکیل علی بخاری کے ساتھ عدالت میں پیش ہوئے ،دوران سماعت عدالت نے استفسار کیا کہ ایف آئی آرز میں کیا الزام لگایا گیا ہے جس پر شاہ محمود قریشی کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ الزام لگایا گیا یے کہ شاہ محمود قریشی کی ایماء اور سازش پر احتجاج ہوا ،عدالت نے استفسار کیا کہ اس سازش کا گواہ کون ہے دیکھ لیتے ہیں کس نے سازش کی اور کس نے حکم دیا فی الحال تو عبوری ضمانت دے رہے ہیں ،عدالت نے شاہ محمود قریشی کی عبوری ضمانت دس اپریل تک دے دی۔