مزید خبریں

رمضان المبارک قرآن سے محبت کا مہینہ ہے ،منیب الرحمن کلیار

 

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)اسلامی جمعیت طلبہ کے ناظم رائے منیب الرحمن کلیارنے کہا ہے کہ رمضان المبارک اللہ کی جانب سے لوگوں کے لیے انعام ہے اورقرآن سے محبت کا مہینہ، اس کے ساتھ اللہ کی طرف پلٹنے کا مہینہ ہے۔انہوں نے کہاکہ ماہ رمضان المبارک رحمتوں اور برکتوں کا مبارک مہینہ ہے اس ماہ میں اللہ تعالی اپنی رحمتوں کے دروازے کھول دیتا ہے ہم کو جائزہ لینا چاہیے ہے کہ ہم شعوری روزہ رکھتے ہیں یا رسمی روزہ۔ شعوری روزہ وہ ہے جس میں ہر لمحہ خیال رہے کہ اللہ مجھے دیکھ رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ رمضان روحانی ترقی کا مہینہ ہے لہٰذا ہمیں دیکھنا چاہیے کہ پچھلے رمضان میںہماری کیا کیفیت تھی اور اب اس سال ہم کہاں کھڑے ہیں۔انہوں نے کہاکہ اللہ رب العزت نے واضح طوپر کہا ہے کہ رمضان کا مہینہ (وہ ہے) جس میں قرآن اُتارا گیا، جو لوگوں کے لیے ہدایت ہے اور (جس میں) رہنمائی کرنے والی اور (حق و باطل میں) امتیاز کرنے والی واضح نشانیاں ہیں، پس تم میں سے جو کوئی اس مہینے کو پالے تو وہ اس کے روزے ضرور رکھے اور جو کوئی بیمار ہو یا سفر پر ہو تو دوسرے دنوں (کے روزوں) سے گنتی پوری کرے،اللہ تمہارے حق میں آسانی چاہتا ہے اور تمہارے لیے دشواری نہیں چاہتا اور اس لیے کہ اس نے تمہیں جو ہدایت فرمائی ہے اس پر اس کی بڑائی بیان کرو اور شکر گزار بن جائو۔ انہوں نے کہا کہ روزہ اللہ کے لیے ہے اور اللہ ہی اسکا بہتر اجر دینے والاہے۔رمضان میں قرآن سے تعلق کو مضبوط بنایا جائے اور اپنے رب سے گناہوں کی معافی مانگی جائے۔ ہم نے قرآن کو چھوڑ دیا ہے، قرآن پڑھا جارہا ہے اس پر عمل نہیں کیاجارہااس سے رہنمائی نہیں لی جاری، ہمارا نظام قرآن کے مطابق نہیں ہے ہمیں سب سے پہلے خود کو بدلنا ہو گا، آج اس ملک میں معیشت کا مسئلہ ہے، ایسے حالات میں اللہ سے رجوع کریں حالات بدل سکتے ہیں۔روزہ عظیم الشان عبادتوں میں سے ہے یہ بندے کو گناہوں سے بچاتا ہے۔خلق خدا سے تعلق کو مضبوط بنایا جائے اور اس رمضان کو اپنی زندگی کا آخری رمضان سمجھ کر جہنم سے آزادی اور نجات کا ذریعہ بنایاجائے۔