مزید خبریں

شہباز اینڈ کمپنی فی الفور استعفا دے‘حزب اللہ جکھرو

خیرپور(نامہ نگار) جماعت اسلامی سندھ کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری علامہ حزب اللہ جکھرو نے کہا ہے کہ مہنگائی نے غریب عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے، شہباز اینڈ کمپنی فوری استعفا دے اور ملک میں ایک ہی دن انتخابات کرائے جائیں اور بلاتفریق سب کے لیے بے رحم احتساب کا قانون ہو۔اشرافیہ کے سارے اخراجات غریب عوام سے وصول کیے جارہے ہیں، عالمی منڈی میں پیٹرول کی قیمتیں کم ترین سطح پر آچکی ہیں مگر اتحادی حکومت نے پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بھاری اضافہ کرکے عوام پر ڈرون حملہ کیا ہے، حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ پیٹرول کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ فی الفور واپس لیا جائے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مدرسہ تفہیم القرآن خیرپور میں منعقدہ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ بھاری بھرکم کابینہ اور مشیروں کی فوج ظفر موج ،لگژر ی گاڑیاں، ہزاروںلیٹر مفت پیٹرول،بجلی ،گیس مفت حاصل کرکے بادشاہوں والی زندگی بسر کرنے والوں کو غریب عوام کے مسائل سے کوئی سروکار نہیں ہے، غریب عوام صحت، تعلیم، صاف پانی سمیت تمام بنیادی سہولیات سے محروم ہونے کے باوجود بھاری ٹیکس ادا کررہے اور مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں اور انہیں 2 وقت کی روٹی بھی میسر نہیں ہے، ملک کے تمام مسائل کا حل دیانتدار قیادت اور اسلامی نظام کے نفاذ میں ہے، موجودہ حکومت کی کابینہ میں وزرا کی بڑی تعداد ضمانتوں پر باہر ہے ،قوم رمضان میں توبہ کرے اور ظالم حکمرانوں سے نجات کے لیے دعائیں کرے،دنیا کی واحد ایٹمی مسلم مملکت آئی ایم ایف اور امریکا کے سامنے چند ڈالروں کے لیے ہاتھ باندھے کھڑی ہوئی ہے۔